چارسدہ،منگا سے نقل مکانی کرنیوالے خاندانوں کی سکریننگ کا مطالبہ

چارسدہ،منگا سے نقل مکانی کرنیوالے خاندانوں کی سکریننگ کا مطالبہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
چارسدہ (بیورورپورٹ) کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے گاؤں منگاہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی سکریننگ کا مطالبہ۔ملک میں آٹے سمیت اشیاء خوردنی کی نرخوں میں اضافہ کو بھی روکا جائے۔اس سلسلے میں جماعت اسلامی ضلع چارسدہ کی کابینہ،زونل امراء،الخدمت فاؤنڈیشن اور جے آئی یوتھ کا مشترکہ اجلاس زیر صدارت ضلعی امیر محمد ریاض خان منعقد ہوا۔اجلاس میں بار ایسوسی ایشن کے صدر مجیب الرحمان ایڈوکیٹ نے بھی خصوصی شرکت کی۔اجلاس کے فیصلوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ضلعی امیر محمد ریاض خان نے کہا کہ چارسدہ سے متصل منگاہ کے علاقے جہاں پر کرونا کا ایک مریض انتقال کر گیا تھا کو سیکورٹی اداروں نے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہاں سے چند خاندان چارسدہ کے مختلف علاقوں میں نقل مکانی کرکے آگئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت فوری طور پر ان کی سکریننگ کرائے ورنہ کوئی بڑا المیہ جنم لے سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف دیہاڑی دار طبقہ اور مزدور بے روزگار ہو گئے ہیں اور دوسری طرف اشیاء خوردنی سمیت آٹے کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ فوری طور پر اس کا سدباب کرے۔اجلاس میں کرونا کے حوالے سے ضلع بھر کے تمام علاقوں میں آگاہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔جماعت اسلامی الخدمت فاؤنڈیشن اور جے آئی یوتھ کے کارکنا ن و رضا کار لوگوں کو حالات کی سنگینی سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب ملکر اس حوالے سے حکومتی احکامات پر نہ صرف خود بھی عمل کریں گے اور دوسروں کو بھی اس حوالے سے آگاہی دیں گے۔