عوام، انتظامیہ اور پاک فوج مل کرکرونا وائرس کا مقابلہ کریں گے: جی او سی مالا کنڈ

عوام، انتظامیہ اور پاک فوج مل کرکرونا وائرس کا مقابلہ کریں گے: جی او سی مالا ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تخت بھائی (تحصیل رپورٹر) پاک فوج،سول انتظامیہ،پولیس،محکمہ صحت اور سوات کے عوام مل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کریں گے۔اس وباء سے نجات کے لئے عوام کا تعاون ازحد ضروری ہے۔ان خیالات کا اظہار جی۔او۔سی مالاکنڈ ڈویژن میجر جنرل محمد اعجاز مرزا نے کمشنر آفس مینگورا کے دورے کے دوران کیا۔ اس موقع پر کمشنر مالاکنڈ ڈویژن ریاض محسود خان اور محکمہ صحت و پولیس کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔موجودہ صورت حال کے تناظر میں مختلف اقدامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے اقدامات اور لائحہ عمل پر تفصیلی غور کیا گیا۔ جی۔او۔سی نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے خاندان کے افراد اور ملک کے مفاد میں اپنے گھروں میں رہیں اور بلا ضرورت گھروں سے باہر نہ نکلیں تاکہ کسی ناگہانی ضرورتِ حال سے بچنے کے لئے تمام ضروری اقدامات کو بہتر بنایا جا سکے۔ جی۔او۔سی نے مزید کہا کہ حکومتی اقدامات کو موثر بنانے کے لئے پاک فوج تمام تر ذرائع کو بروئے کارلائے گی اور سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر مالاکنڈ ڈویژن کے عوام اور پاکستانی قوم کی خدمت جاری رکھے گی۔انہونے کہا کہ ہر شہری اپنی زمہ داری ادا کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مکمل تعاون کرے۔