معاون خصوصی برائے بہبود آبادی سید احمد حسین شاہ کا مانسہرہ بازار کا دورہ
پشاور(سٹاف رپورٹر)وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی سید احمد حسین شاہ نے کہابے کہ صوبے کے دیگر اضلاع کی طرح مانسہرہ میں بھی کورونا وائرس سے عوام کو بچانے کے لئے سنجیدہ اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔معاون خصوصی نے مانسہرہ شہر کا دورہ کیا۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات خصوصاََ مارکیٹوں کی بندش اور سماجی رابطوں کو کم کرنے کے لئے انتظامات کا خود جائزہ لیا۔ سماجی رابطوں اور عوامی میل جول کو کم سے کم کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی طرف سے جزوی لاک ڈاؤن کی عملداری قابل ستائش ہے تاہم بازاروں میں لوگوں کو بلا ضرورت ایک جگہ پر جمع ہونے کو روکنے کی ضرورت ہے۔عوام حفاظتی تدابیر پر عمل کریں ماسک پہنے، چھینکتے اور کھانستے ہوئے اپنے منہ اور ناک کو ڈھانپے تاکہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔ احمد حسین شاہ نے مزید کہا کہ اپنے اہل خانہ اور دیگر لوگوں کے وسیع تر مفاد میں خود کو گھروں تک محدود رکھیں۔ مانسہرہ کے عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اجتماعات سے بچیں اور بلا ضرورت بازاروں کا رخ نہ کریں۔ صوبائی حکومت کورونا سے نمٹنے کے لئے پوری طرح متحرک ہے تاہم عوام کے تعاون کے بغیر اس وبا کا مقابلہ ممکن نہیں ہے۔ جس طرح چین اور دیگر ممالک کے عوام نے کورونا سے نمٹنے کے لئے ذمہ داری کا ثبوت دیکر مرض پر قابو پالیا اسی طرح پاکستان کے عوام نے بھی ذمہ داری کا ثبوت دینا ہے۔