تحریک انصاف حقیقی معنوں میں عوامی حکومت ہے،سعید الحسن
لاہور(فلم رپورٹر)صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے نارووال میں انسدادکرونا وائرس کے سلسلہ میں ا جلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ ہر طبقہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے وزیراعظم پاکستان طرف سے کرونا متاثرین کیلئے ایک ہزار ارب روپے سے زائد کے امدادی پیکیج کا خیرمقدم کیا ہے۔ مزدور طبقہ کو 3 ہزار روپے ماہانہ کی مالی امداد، پٹرول اور ڈیزل سستا کرنے،بجلی اور گیس کے بلوں پر ریلیف کی فراہمی وزیراعظم پاکستان کا مستحسن اقدام ہے۔تحریک انصاف کی حکومت حقیقی معنوں میں عوامی حکومت ہے۔کروناوائرس سے متاثرہ مریضوں کیلئے کام کرنے والے ڈاکٹروں، نرسز، طبی عملے اور دیگر کو ایک تنخواہ کے برابر سپیشل رسک الاؤنس دیا جائے گا۔ صوبہ کے ہر ڈویڑن میں بی ایس ایل لیول تھری لیبارٹری قائم کی جائے گی۔
صوبہ کے تمام شہروں میں صفائی اور دیگر ضروری امور کو متاثر نہیں ہونے دیا جائے گا، انتظامیہ شہروں کی صفائی ستھرائی کا اہتمام کرے۔ ضلع بھر میں چین سپلائی کسی صورت متاثر نہ ہونے دی جائے۔،عوام بھی غیر ضروری طور پر اشیاء کا سٹاک کرنے سے گریز کریں۔ انتظامیہ ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف سرگرم عمل ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ شہری سماجی فاصلے برقرار رکھیں اور مخیر حضرات نادار لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کا اہتمام کریں۔شہری گھروں میں رہنے کو ترجیح دیں اور تعاون کریں۔ حکومت پنجاب وفاقی حکومت کی طرز پر سوشل پروٹیکشن پیکیج دے گی۔