قوم پوائنٹ سکورنگ کے بجائے متحد ہو جائے،ہمایوں اختر
لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ موجودہ وقت سیاسی پوائنٹ سکورننگ کی بجائے اتحاد دکھانے کاہے لیکن بد قسمتی سے کچھ اپوزیشن رہنماؤں کو آج بھی اپنی سیاست چمکانے کی فکر پڑی ہے،کروناوائرس کے حملے نے بڑی بڑی معیشتوں کی بنیادیں ہلا کر رکھ دی ہیں، حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے،عوام پر معاشی طور پر پڑنے والے اثرات کو کم کرنے اورانہیں ریلیف فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل مختص کر رہی ہے۔اپنے ایک بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بروقت اور اپنے وسائل سے بڑھ کر عملی اقدامات کی تعریف کی۔
بجائے تنقید کرنے والوں کو یہ سوچنا چاہیے کہ کیا وینٹی لیٹرز کی کمی ہمارے دورمیں ہوئی ہے؟۔ جو کئی دہائیوں سے حکومتیں کر رہے تھے وہی آج وینٹی لیٹرز کی کمی پر تنقید کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت نے صحت کے شعبے میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں، محدود وسائل کے باوجود حکومت نے کوروناوائرس کے حوالے سے پیشگی تیاریاں کیں اوراس سلسلہ میں اربوں روپے کا سامان خریدا گیا ہے جن میں وینٹی لیٹرز کے آرڈ ر بھی شامل ہیں۔ ہمایوں اخترخان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے حالیہ دنوں میں ہر شعبے کو ریلیف دینے کیلئے جس طرح کے عملی اقدامات کئے ہیں اس سے ثابت ہو گیا ہے کہ آج ملک میں عوامی حکومت ہے۔ وزیر اعظم عمران خان عوام سمیت ہر شعبے کو منفی اثرات سے بچانے کے لئے اپنی اقتصادی ٹیم سے مسلسل رابطے میں ہیں اورہر لمحے بدلتی صورتحال کے مطابق فیصلے کئے جارہے ہیں۔