کرونا سے بچنے کیلئے کشمیریوں کا لاک ڈاؤن ختم کرنا ہو گا،قاری زوار بہادر
لاہور(پ ر) جمعیت علماء پاکستان کے رہنماء مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہاہے کہ دنیاکو کورونا کی ہلاکتوں اور لاک ڈاؤن سے بچنے کے لیے مظلوم کشمیریوں کالاک ڈاؤن ختم کروانا ہو گا۔اگرمظلوم کشمیریوں کو آزادی دلوادی جائے تو اللہ رب العزت کی بارگاہ سے امید ہے کہ پوری دنیا سے یہ عذاب ختم ہو سکتا ہے اقوام عالم مظلوم کشمیری عوام کو گزشتہ تقریباً8 ماہ سے جاری لاک ڈاؤن ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مودی ہٹلر نے مقبوضہ کشمیر میں بچوں، بوڑھوں، خواتین اور عوام الناس کو گھروں میں بند کرکے لاک ڈاؤن کیا ہوا ہے۔اشیائے خوردونوش اور ادویات کی کمی کی وجہ سے وہاں عوام موت کے منہ میں جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پوری دنیا ایک خطرناک وائرس کا مقابلہ کررہی ہے اور تقریباًدنیا کا بڑا حصہ لاک ڈاؤن میں ہے۔ امریکہ،برطانیہ، فرانس اور یورپ کے بیشتر ممالک لاک ڈاؤن میں ہیں دنیا کو یاد رکھنا چاہیے کہ بھارت نے گزشتہ 8 ماہ سے وادی کشمیر میں لاک ڈاؤن اور کرفیو لگا رکھا ہے مگر دنیا کے تمام ممالک نے کشمیری عوام کی آزادی اور لاک ڈاؤن ختم کرنے کے لیے کوئی کردار ادا نہیں کیا۔آج دنیا کشمیری عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ کرسکتی ہے۔جب تک ان مظلوم کشمیریوں کا لاک ڈاؤن ختم نہیں ہوتا دنیا کا یہ امتحان جاری رہے گا۔ نام نہادانسانی حقوق کے علمبرداراورمسلم ممالک نے کشمیری مسلمانوں کی آزادی کیلئے کوئی کردارادا نہیں کیا اور خاموش تماشائی بنے رہے آج یہی بڑے ممالک بہت بڑی آزمائش میں ہیں۔انہیں جلدکشمیری مسلمانوں کی آزادی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔