پاک تاجکستان باہمی تجارت 12.76ملین ڈالر
اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور تاجکستان کی باہمی تجارت میں اضافہ کے وسیع امکانات موجود ہیں، دونوں ممالک کے تجارتی وفود کے تبادلوں سے تجارت میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ پاکستان میں تاجکستان کے سفارتی حکام نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کی باہمی تجارت 12.76 ملین ڈالر ہے اور دونوں ممالک کی باہمی تجارت میں چینی (شکر) کی مصنوعات اور روئی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدات کا حجم 9.41 ملین ڈالر ہے اور پاکستان سے زیادہ تر چینی کی مصنوعات تاجکستان کو برآمد کی جا رہی ہیں جبکہ پاکستان تاجکستان سے سالانہ 3.35 ملین ڈالر کی درآمدات کرتا ہے اور زیادہ تر روئی درآمد کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کی تاجر برادری کو چاہیے کہ دو طرفہ تجارت میں فروغ کے لئے اپنا کردار اد اکرے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تاجکستان میں چینی کی میٹھی مصنوعات کے علاوہ دیگر مصنوعات بھی درآمد کی جاتی ہیں اس لئے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کو چاہیے کہ دیگر مختلف مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے تجارتی وفود کے تبادلے کریں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت کا موجودہ حجم استعداد سے کہیں کم ہے۔