کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے موبائل لیبارٹیاں لانے کا فیصلہ،اوور چارجنگ پر فارمیسیوں کیخلاف کارروائی

        کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے موبائل لیبارٹیاں لانے کا فیصلہ،اوور ...

  



لاہور(جنرل رپورٹر) ضلعی انتظامیہ نے کورونا وائرس کے خدشات کے پیش نظر بڑا اقدام کیا ہے۔ڈی سی لاہور دانش افضال نے شہر میں کورونا وائرس کی سکریننگ کے لیے 16 موبائل یونٹس چلا دئیے ہیں۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ موبائل یونٹس کی 16 گاڑیاں شہر کی شاہراہوں پر موجود ہوں گی ہر تحصیل میں دو گاڑیاں پٹرولنگ کریں گی اورنو زونز میں ایک ایک گاڑی پٹرولنگ کرے گی۔ڈی سی لاہور نے کہا کہ ابتدائی طور پر نو کے بعد پندرہ گاڑیوں کی تعداد کر دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سٹرکوں پر موجود شہریوں کی کورونا سکریننگ کی جائے گی اور شہریوں کی سکریننگ سے کورونا کی بروقت تشخیص ممکن ہو گی۔انہوں نے کہا کہ16 موبائل یونٹس پاپولیشن کی گاڑیوں میں بنائے گئے ہیں۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر صفدر ورک،چیف آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شعیب،ایڈیشنل سیکریٹری ویلفیئر محمد شعیب سمیت دیگر افسران موجود تھے۔دریں اثناء ضلعی انتظامیہ سیکشن 144 پر عملدرآمد کروانے کے لئے سرگرم عمل ہے۔اسسٹنٹ کمشنر کینٹ مرضیہ سلیم نے کینٹ کے علاقے بینک سٹاپ والٹن روڈ پر کارروائیاں کیں۔ دو فارمیسیز کے خلاف اوور چارجنگ پر ایکشن لیا گیا۔ حمزہ مارٹ جنرل میڈیکل سٹور اور فیصل میڈیکل سٹور کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کروا دیا گیا جہاں ہینڈ سینیٹائزر کو مہنگے داموں فروخت کیا جا رہا تھا۔تحصیل شالیمار میں اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے کیٹرنگ سروس دکان کھلے ہونے کی اطلاع پر دکان کو فوری طور پر بند کروایا اورکیٹرنگ دکان کے مالک کو گرفتار کروا دیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کا سلسلہ جاری رہے گا۔

مزید : کامرس