وزیراعظم نے اسلام آباد میں 252بستروں کے آئسو لیشن ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا 

  وزیراعظم نے اسلام آباد میں 252بستروں کے آئسو لیشن ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ ...

  



اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)وزیر اعظم عمران خان نے کرونا وائرس کی وباء کے پیش نظر اسلام آباد میں متعدی امراض سے بچاؤ اور علاج کے لئے 252 بستروں پر مشتمل آئسولیشن ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھ دیا۔ جمعرات کو وزیر اعظم نے یہاں پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل کرونا وائرس آئیسولیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر متعدی امراض کے ہسپتال کا سنگِ بنیاد رکھا۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے وزیر اعظم کو منصوبے پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ یہ ہسپتال 40 کنال اراضی پر تعمیر ہوگا، 252 بستروں پر مشتمل یہ ہسپتال فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن تعمیر کرے گی جبکہ اس میں لیبارٹری اور ڈائیگناسٹک سینٹر سمیت متعدی امراض سے بچاؤ، تشخیص اور علاج سمیت تمام سہولیات دستیاب ہوں گی۔ ہسپتال میں مردوں کے لئے 4 اور خواتین کے لیے 3 بلاکس مختص ہوں گے۔ وزیراعظم نے اس منصوبے کو انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کو 50 بستروں پر مشتمل کرونا آئسولیشن سنٹر کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قائم کردہ آئسولیشن سینٹر کے مختلف حصوں کا جائزہ لیا اور ملک میں کرونا وائرس کی روک تھام کے حوالے سے آئسولیشن سینٹر کے قیام کو سراہا۔

سنگ بنیاد

مزید : صفحہ اول