عوام کو آزمائش کی گھڑی میں کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے: عثمان بزدار
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آزمائش کی گھڑی میں اپنے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے،را وڑھنا بچھونا عوام کے ساتھ ہے اور رہے گا،عوام کی مشکل کو اپنی مشکل سمجھتا ہوں،ہم مشکل وقت میں عوام کو اکیلا چھوڑنے والوں میں سے نہیں عوام کی زندگیاں محفوظ بنانے کیلئے انسانی بس میں جو ممکن ہے، وہ ہم نے کیا ہے۔عوام کو کرونا وائرس سے بچانے کیلئے آئندہ بھی ہرضروری اقدام کیا جائے گا۔ایک بیان میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ جو اقدامات اٹھا رہے ہیں، صرف اور صرف عوام کیلئے ہیں۔کسی کو دکھانے کیلئے نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کو راضی کرنے کیلئے سیاست کو عبادت سمجھتے ہیں۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ شہریوں سے اپیل ہے کہ وہ حکومتی اقدامات پر سو فیصد عملدرآمد کریں کیونکہ اس میں ہم سب کی بھلائی اور بہتری ہے۔آج کا وقتی فاصلہ ہمیشہ کے فاصلوں سے محفوظ بنائے گا۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کی روک تھام اورحفاظتی لباس و ضروری آلات کی خریداری کیلئے اقدامات کا جائزہ لینے سے متعلق منعقدہ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب نے کہا ہے کہ ڈیرہ غازی خان کے قرنطینہ مرکز میں 550 زائرین کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں گھروں کو بھجوایا جارہا ہے، پنجاب حکومت نے اشیائے ضروریہ کی سپلائی بہتر بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے، صوبے میں آٹے سمیت کسی چیز کی کوئی قلت نہیں لہٰذا آٹے اور دیگر اشیاء ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بلا امتیازکارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو کسی بھی صورت ذخیرہ اندوزوں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔وزیر اعلی عثمان بزدارنے فوڈ سپلائی چین کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب کے ہر ڈویژن میں نئی ٹیسٹنگ لیبزجلد فنکشنل ہو جائیں گی-ان ٹیسٹنگ لیبز کے فنکشنل ہونے سے ہر ڈویژن پر کرونا ٹیسٹ کی سہولت میسر ہو گی،نئی لیبز کے قیام کیلئے 62 کروڑ روپے محکمہ صحت کو جاری کر دیئے۔صوبے کے تعلیمی اداروں کے ہاسٹلز کی میپنگ کر کے 50 ہزار مزید بستروں کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ زکوۃ کی کٹوتی کا عمل ایک ماہ قبل شروع کرنے کیلئے وفاقی حکومت کو باقاعدہ درخواست بھجوا دی۔ایک بیان میں وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب حکومت متاثرہ مریضوں کا علاج معالجہ کرنے والے ڈاکٹروں اور طبی عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے گی،ڈاکٹروں اور طبی عملے کو اضافی تنخواہ خصوصی رسک الاؤنس کی مد میں دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں اور طبی عملے نے دن رات اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کا خیال رکھ کرحقیقی مسیحا ہونے کا ثبوت دیا ہے،آزمائش کی اس گھڑی میں ڈاکٹروں اور دیگر طبی عملے کا نام تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔وزیر اعلی نے کہا کہ فرنٹ لائن پر موجود ڈاکٹر وں اور دیگر طبی عملے کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کرونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں،نرسوں اور دیگر سٹاف کو سلام پیش کرتے ہیں اورقوم مشکل کی گھڑی میں مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف ڈاکٹروں کے مثالی کردار کو تحسین کی نظر سے دیکھتی ہے۔مزید برآں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سندھ کے وزیر اعلی سید مراد علی شاہ کو ٹیلی فون کیا، وزیر اعلی عثمان بزدار نے چین کی جانب سے حکومت سندھ کوعطیہ کئے جانے والے ایک لاکھ کے این 95 ماسک پنجاب حکومت کو بھجوانے پر سندھ کے وزیر اعلی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ہم سب کو ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہے، ہمارا اتحاد اور عزم اس موذی مرض کوشکست دے گا جبکہ عوام کے تعاون سے کروناوائرس کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹیں گے۔
سردار عثمان بزدار