با جماعت نما ز کیلئے 5افراد کی تعداد کم، مگر مخالفت نہیں کرینگے: مفتی تقی عثمانی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف عالم دین مفتی تقی عثمانی کا کہنا ہے سندھ حکومت کی جانب سے نماز میں 3 سے 5 لوگوں کی حاضری ہما ر ے نزدیک کم،لیکن ہم یہ فیصلہ ماننے کے پابند ہیں اور اس کی مخالفت نہیں کریں گے۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مفتی تقی عثمانی کا کہنا تھا ہم نے مساجد کو بند کرنے اور ان پر تالے لگانے کی مخالفت کی تھی، یہ وہ چیز ہے جس کو ہم کبھی بھی گوارا نہیں کرسکتے کیونکہ اس بیماری کے اندر ہمیں اللہ کی طرف سب سے زیادہ رجوع اور توبہ کرنے کی ضرورت ہے، اگر ہم رجوع الی اللہ کے مراکز ہی بند کردیں گے تو ڈر ہے اس کی نحوست سے ہم مزید خراب نہ ہوجائیں۔مفتی تقی عثمانی نے کہا ان کی رائے تھی 15تا 20 لوگوں تک جماعت کو محدود کردیا جائے، لیکن حکومت نے 3 تا 5 تک کردیا، اگرچہ یہ ہماری رائے کیخلاف ہے لیکن ہم اس کی پابندی کرنے پر مجبور ہیں، جب حکومت نے ہمیں ہدایت کردی تو ہم اس کے پابند ہیں کیونکہ یہ ماہرین کی رائے لے کر طبی وجوہ کی بنا پر کیا جارہا ہے۔ لوگوں پر لازم ہے وہ حکومت کی پابندی کا احترام کریں، اس پابندی کی وجہ سے جو لوگ مسجد میں نماز کی ادائیگی کیلئے نہیں آئیں گے ان پر گناہ نہیں ہوگا۔
تقی عثمانی