اسلام آبادکے باسیوں کیلئے گھر بیٹھے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے موبائل ایپ جاری
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اسلام آبادکے شہریوں کو گھر پر ہی بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے موبائل ایپ کا اجراء کردیا۔اپنے ٹوئٹر بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے انہوں نے اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سٹی ایپ (آئی سی ٹی سٹی ایپ) کا افتتاح کر دیا ہے،اس ایپلی کیشن کے ذریعے حکومت اور تمام شعبے عوام کی دہلیزپر آگئے ہیں،ان کی حکومت نے عوام سے کیا ایک اور وعدہ پورا کردیا ہے اور اب اسلام آبادکے شہریوں کو ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز، ڈومیسائل اور شناختی کارڈ سمیت 43 مختلف سہولیات آن لائن فراہم کی جائیں گی۔ وزیراعظم کا مزید کہنا تھا ایپ میں پاسپورٹ اور اسلحہ لا ئسنس کی خدمات بھی شامل ہیں۔ اس سے عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر کاٹنا پڑیں گے نہ ہی طویل قطاروں میں کھڑے ہوکر انتظار کی زحمت گوارا کرنا ہوگی، اسلام آباد میں کامیاب آزمائشی دورانیہ کی تکمیل پر اسے دیگر شہروں میں بھی متعارف کروائیں گے۔وزیراعظم نے کہا ڈومیسائلز، پاسپورٹ، اسلحہ لائسنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی، پیدائش و وفات کے سرٹیفکیٹس سمیت متعدد خدمات اس ایپ کاحصہ ہیں۔ اس ایپلی کیشن کے ذریعے ادویات اور اشیائے ضر و ریہ کی قلت کی صورت میں انتظامیہ کی فوری مداخلت کی راہ بھی ہموار ہوگی۔
موبائل ایپ اجراء