کرونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کومتحد ہونا پڑے گا،فردوس عاشق

  کرونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کومتحد ہونا پڑے گا،فردوس عاشق

  



اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ موبائل فون کے ذریعے 40 سے زائد سہولیات شہریوں کو ان کی دہلیز تک پہنچانا وزیر اعظم عمران خان کے عوام دوست حکومت کے وژن کا عملی ثبوت ہے، کرونا وائرس کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے پوری قوم کومتحد ہونا پڑے گا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کی خدمت پر مبنی مستعد اور متحرک نظام کی تشکیل وزیر اعظم کا اصل مقصد ہے، عمران خان کا منفرد ایپ کے اجراء کا اقدام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی سہولیات میں اضافہ کرنے کا آئینہ دار ہے، یہ ایپ شہریوں کو ان کے گھروں میں ان کے مسائل کی حل کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، اپنی ضروریات کی تکمیل کیلئے آن لائن رابطہ کر سکیں گے۔ اس ایپ کی بدولت شہری کسی بھی فارمیسی میں ماسک کی کمی یا مہنگے داموں فروخت کی نشاندہی کر سکیں گے۔معاون خصوصی نے کہا کہ یہ ایپ تمام متعلقہ اداروں میں کوارڈی نیشن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گی، علاوہ ازیں اس میں ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز، ڈومیسائل، شناختی کارڈ، اراضی فرد، اسلحہ لائسنس، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکس کی ادائیگی بھی ہو سکے گی۔

فردوس عاشق

مزید : صفحہ اول