سندھ میں غریب عوام کو راشن کی فراہمی کیلئے صوبائی محکمہ خزانہ سے 58کروڑ روپے جاری
کراچی(سٹاف رپورٹر)سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن کے دوران یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں اور غریبوں کو راشن کی فراہمی کیلئے 58کروڑ روپے جاری کردئیے۔ترجمان سندھ حکومت کے مطابق ہر ضلع میں 2کروڑ روپے دیئے جائیں گے۔ترجمان نے بتایا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر سیکرٹری خزانہ نے فنڈز منتقل کردیئے۔دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں چیف سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری اور آئی جی جیل خانہ جات شریک ہوئے۔اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہماری جیلوں میں 16 ہزار سے زائد قیدی ہیں، چاہتا ہوں جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کم کی جائے، جو قیدی معمولی کیس میں بند ہیں یا اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن ضامن نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں ان کو رعایت دی جائے جبکہ جو قیدی اپنی سزا پوری کر چکے ہیں لیکن جرمانہ دینے کے قابل نہیں ان کا جرمانہ حکومت ادا کرے گی۔مراد علی شاہ نے آئی جی جیل کو ہدایت دی کہ ہر ایک قیدی کی تفصیل بشمول اس کا جرم، قیدی کی عمر، جیل میں آنے کی تاریخ، انڈر ٹرائل ہے یا سزا یافتہ اور قیدی کی صحت کے حوالے سے فہرست بناکر بھیجی جائے، پھر قانون کے حساب سے دیکھیں گے کہ کتنے قیدیوں کو چھوڑ سکتے ہیں۔
سندھ /راشن فراہمی