ٹوکیو گیمز کا لتواء پیر س اولمپکس پر قطعی اثرانداز نہیں ہوگا

  ٹوکیو گیمز کا لتواء پیر س اولمپکس پر قطعی اثرانداز نہیں ہوگا

  



پیرس(یواین پی)پیرس اولمپکس دو ہزار چوبیس کی آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ٹونی ایسٹینگوئٹ کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے ٹوکیو گیمز کا التواء اولمپکس دو ہزار چوبیس پر قطعی اثر انداز نہیں ہوگا جس کا انعقاد اپنے مقررہ وقت پر کیا جائے گا۔واضح رہے کہ آئی او سی کے صدر اور جاپانی وزیراعظم نے منگل کو باہمی مشاورت سے ٹوکیو گیمز آئندہ برس گرمیوں تک ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا لیکن ٹونی ایسٹینگوئٹ کا اصرار ہے کہ پہلی مرتبہ حالت امن میں اولمپکس کا ملتوی ہونا پیرس اولمپکس پر اثرانداز نہیں ہو سکتا جس کا انعقاد ٹوکیو اولمپکس کے تین سال کے بعد ہونا ہے لہٰذا اس کی تاریخوں میں کسی قسم کی تبدیلی رونما نہیں ہو گی۔تین مرتبہ کے اولمپک کینوئنگ چیمپین ٹونی ایسٹینگوئٹ کا کہنا تھا کہ شریک ایتھلیٹس کی صحت کیلئے ٹوکیو گیمز کو ملتوی کرنے سے بہتر فیصلہ ممکن نہیں تھا تاہم یقین ہے کہ کھیلوں کا انعقاد مناسب وقت پر کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ وہ تیاریوں کے حوالے سے اپنے پلان پر عمل پیرا ہیں کیونکہ گیمز کے دوران حالات میں تبدیلی رونما ہوتی رہتی ہے تاہم انہیں اس طرح انفراسٹرکچر کی تعمیر نہیں کرنی ہے اور وہ ٹوکیو کے برعکس آزادی کے ساتھ اپنے شیڈول کے مطابق آگے بڑھ رہے ہیں۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کے باعث محض اولمپکس ہی نہیں بلکہ دو ہزار بیس کے یورو فٹ بال ایونٹ کو بھی ملتوی کردیا گیا ہے جبکہ عالمی سطح پر کھیلوں کی تمام تر سرگرمیاں روک دی گئی ہیں جن کو التواء کے ساتھ منسوخی کا بھی خطرہ درپیش ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی