لاہور پولیس کیلئے سینی ٹائزر ماسک، حفاظتی کٹس کا عطیہ
لاہور(کرائم رپورٹر)بین الاقوامی ادارے ڈیسکون اور سندس فاؤنڈیشن کی جانب سے لاہور پولیس کو جراثیم کش کیمیکل جبکہ سندس فاؤنڈیشن کی طرف سے سینی ٹائزر، ماسک اور حفاظتی کٹس کا عطیہ دیا گیا۔گزشتہ روز سی سی پی او ذوالفقار حمید سے سی ای او ڈیسکون عمران قریشی اور صدر سندس فاؤنڈیشن محمد یاسین خان نے الگ الگ ملاقات کی۔ سنیئر کالم نگار آصف عفان بھی موجود تھے۔ ڈیسکون انجینئرنگ اینڈ کیمیکلز نے لاہور پولیس کو 2500 کلو جراثیم کش کیمیکل ”سینی ڈول“ کا عطیہ دیا جو سینی ٹائرز کے طور پر استعمال ہو سکتا ہے۔
سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید نے ڈیسکون اور سندس فاؤنڈیشن کے جذبہ انسانیت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پولیس فورس کورونا کے خطرے کے باوجود اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔ شہریوں کے بچاؤ کے دوران پولیس کی اپنی حفاظت بھی ضروری ہے۔ ڈیسکون سے ملنے والا کیمیکل تمام پولیس ڈویڑن میں بھجوائیں گے۔ اس موقع پر سی ای او ڈیسکون عمران قریشی نے کہا کہ مشکل وقت میں فیلڈ میں کام کرنے والے پولیس افسروں اور جوانوں کو سلام کرتے ہیں۔ ان کی حفاظت کے لئے آئندہ بھی تعاون کریں گے۔ صدر سندس فاؤنڈیشن یاسین خان اور آصف عفان نے کہا کہ حفاظتی سامان کا عطیہ دے کر پولیس سے اظہار یکجہتی کیا۔