کروناسے بچاؤکیلئے آگاہی سیمینار
لاہور(کرائم رپورٹر)ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید کی ہدایت پر لاہور پولیس کا کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات اور آگاہی مہم کا سلسلہ جاری ہے۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز جمیل ظفر کی زیر نگرانی پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز فرحت عباس سمیت لاہور پولیس کی تمام ڈویڑنزکے افسران اس موقع پر موجود تھے۔میو ہسپتال کے پروفیسر ڈاکٹر عارف رشید نے پولیس افسران کو کورونا وائرس سے حفاظتی اقدامات بارے آگاہی دی۔عارف رشید نے لیکچر کے دوران کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر لاوارث میت کو منتقل کرنے اور دفنانے کے دوران حفاظتی انتظامات بارے آگاہ کیا۔
انہوں نے قرنطینہ سنٹر پر ڈیوٹی دینے والے پولیس افسران و جوانوں کو حفاظتی کٹ کے استعمال بارے اور فیلڈ ڈیوٹی کے دوران حفاظتی تدابیربارے لیکچر دیا۔ایس پی ہیڈ کوارٹرز ملک جمیل ظفر نے اس موقع پر کہا کہ تمام پولیس افسران و جوان کورونا وائرس سے بچاؤ بارے حفاظتی تدابیر پر سختی سے عمل پیرا رہیں۔لاہور پولیس آزمائش کی اس گھڑی میں ہر طرح کے حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔سیمینار کے اختتام پر ایس پی ہیڈ کوارٹرز جمیل ظفر نے پروفیسر ڈاکٹر عارف رشید کی آمد پر اْن کا شکریہ ادا کیا۔