لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 272 مقدمات درج

لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر 272 مقدمات درج

  



لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید کی ہدایت پرکورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشات کے پیش نظر شہر بھر میں جزوی لاک ڈاون کے تیسرے روز بھی لاہور پولیس دفعہ 144کا نفاذ یقینی بنانے کے لئے متحرک رہی۔ شہربھر میں مختلف مقامات پر ناکے لگائے گئے۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعید نے کہا ہے کہ دفعہ144 پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے شہر کے مختلف مقامات پر یہ خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں۔تفصیلات کے مطابق ناکوں پر ابتک17ہزار822اشخاص کی چیکنگ عمل میں لائی جا چکی ہے۔

جبکہ 7513 سے زائد اشخاص کو چیک کرنے کے بعد غیر ضروری سفر سے روک کر واپس گھروں کو روانہ کیاگیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر ملوث افراد کے خلاف 272 مقدمات بھی درج کئے جا چکے ہیں۔تاہم ایف آئی آرز میں نامزد افراد کو بعد ازاں دوبارہ قانون شکنی نہ کرنے کی ضمانت پر چھوڑ دیا گیا۔ناکوں پر7987 سے زائد موٹر سائیکلز، رکشوں،کاروں اور بڑی گاڑیوں کو غیر ضروری سفر سے روکاگیا۔قانون شکنی اور ضروری دستاویزات نہ ہونے پر 38 گاڑیاں بھی بند کی گئیں۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور رائے بابر سعیدنے کہا کہ پولیس افسران اور جوان شہریوں کو کورونا وائرس سے لاحق خطرات کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے باز رہنے کی تلقین کریں۔دفعہ 144 کی پابندی شہریوں کی اپنی زندگی کی حفاظت کے لئے ہے۔شہری بلا ضرورت گھروں سے نکلنے سے اجتناب کریں اور خود کو محفوظ رکھیں۔رائے بابر سعید نے کہا کہ شہری لاء اینڈ یقینی بنانے کے لئے پولیس سے تعاون کریں۔ڈی آئی جی آپریشنز نے مزید کہا کہ بلاضرورت باہر آنے،ڈبل سواری و دیگر خلاف ورزی پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزید : علاقائی