ٹریول،عمرہ،حج ٹریڈ بیل آؤٹ پیکیج کی منتظر؟

ٹریول،عمرہ،حج ٹریڈ بیل آؤٹ پیکیج کی منتظر؟
 ٹریول،عمرہ،حج ٹریڈ بیل آؤٹ پیکیج کی منتظر؟

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ٹریول ٹریڈ پاکستان کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔گزشتہ دو سال سے حکومتی سرپرستی میں قومی ایئر لائنز پی آئی اے بالعموم اور حج و عمرہ ٹریڈ بالخصوص پروان چڑھے، پی آئی اے نے دُنیا بھر میں نئے روٹس کا اجرا کیا، اربوں روپے خسارے میں چلنے والی ایئر لائنز نے بڑی حد تک اپنے اخراجات کو کم کیا اور خسارے میں بھی بڑی کمی دیکھنے کو ملی۔ یہی صورتِ حال حج و عمرہ ٹریڈ کی رہی ہے۔2018ء اور2019ء میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ عمرہ کاروبار ہوا،16 لاکھ تک ریکارڈ عمرہ ہوا، اسی طرح2018ء سے2019ء میں سرکاری اور پرائیویٹ سکیم کا حج دُنیا بھر میں مقبول ہوا اور انڈونیشیا کے بعد پاکستان کے حج کو سب سے زیادہ پذیرائی ملی اور یہ سب کچھ حکومت کی سرپرستی اور وزارتِ مذہبی امور کی زیر نگرانی میں ہوا۔ سعودی وزارتِ الحج کی طرف سے خصوصی طور پر وزارتِ مذہبی امور کے اقدامات اور پرائیویٹ حج سکیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ تفصیلات چیئرمین ہوپ شاہد رفیق دے رہے تھے۔ان کا کہنا تھا کہ میری خواہش تھی کہ عام پاکستانیوں کو اِس امر کی آگاہی ہو، حکومت ٹریول اور عمرہ ٹریڈ اور حج سے کتنا ٹیکس وصول کر رہی ہے اور انہیں ریلیف کیا فراہم کر رہی ہے۔ میرے سوالات کے جواب میں چیئرمین ہوپ فرماتے ہیں،10سے15 ہزار روپے عمرہ ٹکٹ پر کم از کم ٹیکس وصول کیا جاتا ہے، حج پر تو پیکیج میں ڈیڑھ فیصد کے حساب سے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے.

ملک بھر سے ٹریول ٹریڈ اور عمرہ ٹرید کے ساتھ حج پر حکومت سالانہ بنیادوں پر اربوں روپے ریونیو حاصل کرتی ہے، بغیر کسی مبالغہ کے لاکھوں خاندان ٹریول، عمرہ، حج ٹریڈ سے جڑے ہوئے ہیں۔ وبائی مرض کورونا کی وجہ سے عالمی سطح پر ایئر لائنز کا اپریشن معطل ہونے کے بعد ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے ٹریول ٹریڈ کے ساتھ ساتھ عمرہ و حج کے دفاتر بند ہیں،رہی سہی کسر سعودی حکومت کی طرف سے عمرہ اپریشن کینسل کرنے نے پوری کر دی ہے، عمرہ کی نئے سال کی پالیسی میں ہر طرح کی ادائیگیاں ایڈوانس ہوتی ہیں۔ ٹرانسپورٹ+ہوٹلز کے ساتھ ایئر لائنز کی ٹکٹ بنائے بغیر عمرہ اپروول ہی نہیں آتی تھی،مقابلہ بازی کی دوڑ میں عمرہ کاروبار کرنے والوں نے اپنی جمع پونجی ایڈوانس ادائیگیوں میں لگا دی تھی اب جبکہ عمرہ کا کاروبار بند ہے، ہزاروں افراد ٹکٹ کنفرم ہونے اور ویزہ لگنے کے باوجود حجاز مقدس نہیں جا سکے۔ سعودی عمرہ کمپنیاں بھی ایڈوانس کی گئی ادائیگیاں فوری واپس کرنے کے لئے تیار نہیں۔عمرہ کی روانگی سے رہ جانے والے اپنی رقوم کی واپسی کا مطالبہ کمر رہے ہیں،ٹکٹ کی رقم بھی ایڈوانس ادائیگی میں جا چکی ہے۔ ایاٹا پھن پھیلائے اپنی رقم مانگ رہا ہے، حج2020ء کے لئے این او سی کے حصول کے لئے انکم ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں کی ادائیگیاں بھی ضروری ہیں،کاروبار بند پڑا ہے، دفاتر کا کرایہ ملازمین کی تنخواہیں، ٹیکسز اورBSP کی ادائیگیاں فوری کرنی ہیں۔


دُنیا بھر کی طرح پاکستان میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے مستقبل قریب میں کاروبار دوبارہ شروع ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ان حالات میں ٹریول ٹرید، عمرہ ٹریڈ اور حج ٹریڈ کی نظریں وزیراعظم پاکستان کی طرف لگیں ہوئی تھیں جو عام عوام کے ساتھ ساتھ مختلف انڈسٹریز کے لئے پیکیج کا اعلان کر رہے تھے۔ وزیراعظم کی طرف سے پٹرول مصنوعات میں 15روپے کی کمی اور3000روپے غریب خاندانوں کے اعلان کئے گئے، مگر ٹریول ٹریڈ، عمرہ ٹریڈ اور حج ٹریڈ کے متاثر ملازمین کو ان میں شامل نہیں کیا گیا، لاکھوں متاثرہ خاندان وزیراعظم پاکستان اور معاشی ٹیم سے ریلیف کے منتظر ہیں۔حکومت سنگاپور، ایاٹا انتظامیہ سےBSP کی ادائیگی کا ریلیف دلائے۔ ٹریول، عمرہ، حج ٹریڈ کے دفاتر کے ملازمین کو وزیراعظم کے ماہانہ ادائیگیوں کے ریلیف پیکیج میں شامل کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان وزارتِ مذہبی امور کی رجسٹرڈ حج کوٹہ ہولڈر کمپنیوں کے ٹیکسوں میں چھوٹ کا اعلان کریں۔چیئرمین ہوپ نے روزنامہ ”پاکستان“ کے توسط سے مطالبہ کیا ہے ٹریول ٹریڈ سے وابستہ لاکھوں خاندان جو ان دِنوں عملی طور پر کاروبار بند ہونے کی وجہ سے گھروں میں قید ہیں، ان کے لئے خصوصی ریلیف پیکیج اور بیل آؤٹ پیکیج نہ دیا گیا تو ہزاروں افراد کا معاشی قتل ہو جائے گا۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن کے نمائندے عمرہ ٹریڈ کے نمائندے بھی اپنی آواز حج ٹریڈ کے نمائندوں کی آواز میں ملا رہے ہیں کہ ہمیں بھی ریلیف پیکیج دیا جائے۔

مزید :

رائے -کالم -