کورونا وائرس، روس میں آئینی ترامیم پر ہونے والی ووٹنگ ملتوی
ماسکو (اے پی پی) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایک حکمنامہ پر دستخط کر کے آئینی ترامیم پر ہونے والی ووٹنگ کو فی الحال ملتوی کر دیا ہے۔اس آئینی ترمیم کی منظوری کی صورت میں ولایمیرپیوٹن کے دوبارہ بننے کی راہ ہموار ہو جائے گی۔ روسی صدر کے دفتر کریملن نے ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ بیان کے مطابق یہ فیصلہ کورونا وائرس وباء کے خطرے کے پیش نظر روسی شہریوں کی صحت کو ذہن میں رکھ کیا گیا ہے۔ روس میں آئینی ترامیم پر ہونے والی ملک بھر میں پولنگ کے لئے صدر کی جانب سے مستقبل میں ایک حکمنامہ جاری کر کے تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔ صدرپیوٹن نے قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ لوگوں کی حفاظت اور ان کی اچھی صحت ہی اولین ترجیح ہے۔ روسی صدر نے کہا کہ لوگوں کی صحت، زندگی اور سکیورٹی ہماری اولین ترجیح ہے۔ واضح رہے کہ روس میں آئینی ترامیم پر ووٹنگ کے لئے 22 اپریل کی تاریخ مقرر کی گئی تھی۔