اداکارہ منشا پاشا اور آغا علی کی ٹیلی فلم جلد نشر کی جائے گی
لاہور(فلم رپورٹر) معروف فنکار جوڑی منشا پاشا اور آغا علی پہلی بار میاں اور بیوی کے روپ میں شائقین کو محظوظ کرنے کیلئے بہت جلد ایکشن میں دکھائی دیں گے۔یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ دونوں کی جوڑی سکرین پر کیسی لگے گی تاہم دونوں کے مداحوں کو امید ہے کہ دونوں کی جوڑی انتہائی اچھی دکھنے کے علاوہ کامیاب بھی جائے گی۔منشا پاشا اور آغا علی جلد ہی ایک ایسی ٹیلی فلم میں جوڑے کے کردار میں دکھائی دیں گے جو مشکل حالات کی وجہ سے کچھ غیر اہم فیصلے کرتے ہیں اور اس وجہ سے ان کی زندگی ماضی جیسی نہیں رہتی۔اسی بارے میں منشا پاشا نے ٹیلی فلم اور اپنے کردار کے حوالے سے بتایا کہ وہ فلم میں ماہرہ نامی کردار ادا کریں گی جبکہ ان کا کردار انتہائی اہم ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ اور آغا علی ایک ایسے نوجوان جوڑے کے کردار میں دکھائی دیں گے جن پر مشکل وقت آتا ہے اور اس سے ان کی زندگی میں بہت بڑا بدلاؤ آتا ہے۔منشا پاشا نے بتایا کہ حالات کی وجہ سے انہیں نوکری کرنی پڑتی ہے اداکارہ منشا پاشا کے مطابق ان کا کردار ایسا ہے کہ وہ نوکری کے دوران شوہر کے تحفظات دور کرنے کے دوران مسائل کا شکار بن جاتی ہے جس کی وجہ سے ان سے انجانے میں کچھ غلط حرکتیں بھی ہوجاتی ہیں شائقین ڈرامہ کو بہت پسند کریں گے۔