عرب اتحاد کا یمن میں جنگ بندی کی حمایت کا اعلان

عرب اتحاد کا یمن میں جنگ بندی کی حمایت کا اعلان

  



ریاض (اے پی پی)یمن میں آئینی حکومت کی رٹ بحال کرنے میں مدد فراہم کرنے والے عرب فوجی اتحاد نے کرونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے بحران پرقابو پانے کے لیے یمن میں جنگ بندی کی حمایت کی ہے۔العربیہ ٹی ویکے مطابق یمن کے لئے قائم کردہ عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عرب عسکری اتحاد یمن میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی اپیل پر حکومت کی جانب سے جنگ بندی کے اعلان کی حمایت کرتا ہے اور اس جنگ بندی کو آگے بڑھانے میں ہر ممکن مدد کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمیں عالمی وباء سے لڑنا ہے جس کے لیے یمن میں جنگ بندی ہم سب کے مفاد میں ہے۔کرنل ترکی المالکی نے مزید کہا کہ عرب اتحاد میں شامل ممالک اقوام متحدہ کے یمن کے لیے مندوب کی جنگ بندی کی مساعی کو آگے بڑھانے میں ہرممکن مدد کرے گا۔ ان کا کہنا تھا جنگ بندی کے لیے متحارب فریقین کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور یمنی عوام کو کورونا کی وجہ سے درپیش مشکلات اور وباء سے نمٹنے میں ہرممکن مدد فراہم کرنا ہوگی۔

مزید : علاقائی