جی ٹونٹی ممالک کا اجلاس، کرونا وبا ء سے مل کر نمٹنے کا عزم 

جی ٹونٹی ممالک کا اجلاس، کرونا وبا ء سے مل کر نمٹنے کا عزم 

  



ریاض (مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا بھر میں بڑھتی ہوئی کرونا وائرس کی وباء کے بعد ہنگامی طور پر طلب کئے جانیوالے جی 20 ممالک کے اجلا س کے اختتام پر جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ عالمی وبا ء پر قابو پانے کیلئے صحت اور معیشت سے متعلق تمام اقدامات اٹھائیں گے،جبکہ چینی صدر کا کہنا تھا وباء کے باعث عالمی معیشت کو دھچکا لگا، بحالی کیلئے مختلف ممالک کو تجارتی رکاوٹیں ہٹانی چاہیے۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کے فرما نروا اور خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان کی سربراہی میں گزشتہ روز جی ٹونٹی ممالک کی ہنگامی ٹیلی کانفرنس ہوئی، اس کانفرنس کو سماجی فاصلے کے اصول کے پیشِ نظر ورچوئل طور پر منعقد کیا گیا۔ دنیا کے مختلف ممالک سے تمام مندوبین نے کانفرنس میں ڈائل کر کے شرکت کی، جی ٹوینٹی کانفرنس میں امریکہ، چین روس، فرانس، کینیڈا، جرمنی اور جاپان کے صدور شرکت کرنیوالوں میں شامل تھے۔ اجلا س میں جی 20 ممالک کے سربراہاں کے علاوہ عالمی ادارہ صحت، اقوام متحدہ اور ورلڈ بینک کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔کانفرنس کے بعد جی ٹی ٹونٹی کی طرف سے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا، اعلامیہ میں کہا گیا کہ کرونا وائرس کیخلاف مشترکہ محاذ پر لڑنے کیلئے پر عزم ہیں، عالمی وبا سے پیدا ہونیوالے صحت اور معیشت پر اثرات سے نمٹنا اولین ترجیح ہے۔لوگوں کی جانیں، کاروباراور آمدنی بچانے، صحت اور معیشت کے شعبے میں تمام ضرورتمند ممالک کی امداد کیلئے پر عزم ہیں۔جی ٹوینٹی اعلامیہ کے مطابق عالمی وبا پر قابو پانے کیلئے صحت اور معیشت سے متعلق تمام اقدامات اٹھائیں گے، وبا کی روک تھام کیلئے تمام اقدامات اٹھانے پر تیار ہیں، ضرورت پڑی دوبارہ اجلاس بلا ئیں گے۔کانفرنس کے دوران چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا تھا وباء کے باعث عالمی معیشت کودھچکا لگا ہے، معیشت کی بحالی کیلئے ممالک کو تجارتی رکاوٹیں ہٹانی چاہیے۔شاہ سلمان نے اپنے خطاب میں کہا کرونا عالمی سطح پر معاشی ترقی اور شرحِ نمو کی راہ میں حائل ہوگیا ہے۔ جی ٹوئنٹی ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ کرونا کیخلاف برسرِ پیکار ترقی پذیر ممالک کی مدد کریں۔ اشیا ء اور خدمات میں رکاوٹوں کو فوری طور پر روکنے کی ضرورت اور کرونا کی وبا سے لڑنے کیلئے ایک متحدہ جواب ضروری ہے۔ وباء کیخلاف جنگ میں ہم عالمی ادارہِ صحت کے شانہ بشانہ ہیں اور اس سلسلے میں ویکسین کی تیاری میں سعودی عرب تعاون کرے گا۔انہوں نے کرونا سے متاثر مریضوں کی جلد صحییابی کیلئے نیک تمناؤ ں کا اظہار کیا اور جن ممالک میں لوگ کرونا سے لڑتے لڑتے جان ہار گئے ان کیساتھ تعزیت کی۔ 

جی ٹوئنٹی ممالک

مزید : صفحہ اول