کورونا کے مریضوں کا علاج کرنیوالا ڈاکٹر اپنے بچے کو گلے نہ لگا سکنے پر جذباتی ہوگیا، ویڈیو وائرل
ریاض(ویب ڈیسک) سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر اپنے کمسن بچے کو گلے نہ لگانے پر جذباتی ہوگیا جس کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والا ڈاکٹر گھر پہنچنے پر اپنے کمسن بچے کو گلے سے نہ لگانے پر رو دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کمسن بچہ اپنے والد کو گلے لگانے کے لیے آگے بڑھتا ہے تو میڈیکل یونیفارم میں ملبوس باپ بچے کو قریب آنے سے روک دیتا ہے اور اس کی آنکھوں میں آنسو آجاتے ہیں۔
ڈاکٹر کا کہنا تھا کہ میں عام طور پر اپنی اہلیہ کو گھر جانے سے پہلے ہی فون کرتا ہوں، میں نے اہلیہ سے کہا کہ وہ بچوں کو استقبال کرنے سے روک دیں اور جب تک میں غسل نہ کرلوںقریب نہ آنے دیں۔عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر کا نام ناصر الشہرانی ہے ، ان کا کہنا ہے کہ اس کلپ کا مقصد شہریوں کو کرونا وائرس کے خطرات سے آگاہ کرنا اور وزارت صحت کے انتظامات اور ہدایات پر عمل کرانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ناصر الشہرانی ریاض کے کنگ سلمان ہسپتال میں کرونا وائرس میں مبتلا مریضوں کا علاج کررہے ہیں، ڈاکٹر نے ویڈیو میں گھر لوٹنے کے بعد صحت سے متعلق پیشہ ور افراد کی خاندانی زندگی کو اجاگر کرنے کی بھی کوشش کی۔واضح رہے کہ سعودی عرب میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1012 ہوگئی ہے، وائرس سے تین افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور وائرس سے 33 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔