بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو کب اور کس طرح واپس لایا جائے گا؟ وزیراعظم نے اعلان کر دیا

بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو کب اور کس طرح واپس لایا جائے گا؟ وزیراعظم نے ...
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو کب اور کس طرح واپس لایا جائے گا؟ وزیراعظم نے اعلان کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آبا د(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو ایک ہی وقت میں نہیں لا سکتے البتہ انہیں 4 تاریخ سے چھوٹے چھوٹے گروپس میں لانے کی منصوبہ بندی کرلی ہے تاکہ سکریننگ کے عمل کو بھی یقینی بنایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے صحافی کے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب ہمیں یہ معلوم ہو گیا ہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے 75 فیصد کیسز باہر سے آگے ہیں اور 15 فیصد کیسز ایسے ہیں جو پاکستان میں پھیلے، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ برطانیہ سمیت دیگر ممالک میں پھنسے ہمارے طلباءاور ان کے والدین کا بہت دباﺅ ہے لیکن شکر ہے کہ ہم نے یہ دباﺅ نہیں لیا۔ پہلے یہ منصوبہ بنایا تھا کہ انہیں پاکستان لا کر حاجی کیمپ میں ٹھہرایا جائے لیکن اگر ایسا کرتے تو وہ دوسرا تفتان بن جانا تھا۔
بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کا دباﺅ اب بھی موجود ہے اور ہم انہیں 4 تاریخ سے آنے دینا چاہتے ہیں لیکن صرف اتنے ہی لوگوں کو آنے دیں گے جن کی سکریننگ کر سکتے ہیں کیونکہ ہمارے پاس سہولیات کی کمی ہے اس لئے ہم سب پاکستانیوں کو ایک ساتھ واپس نہیں لا سکتے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس وقت ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز فرنٹ لائن پر ہیں اور دنیا بھر میں ان کی حفاظت کیلئے موجود آلات کی قلت ہو گئی ہے جس کے باعث ہم سب سے پہلے آئی سی یو اور ایمریجنسی میں حفاظتی چیزیں پہنچانا چاہتے ہیں اور اس کے بعد ہی باقی سب کو دیں گے۔