ایک طرف کورونا کی وجہ سے ضمانتیں، دوسری جانب نیب نے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ جاری کردیے

ایک طرف کورونا کی وجہ سے ضمانتیں، دوسری جانب نیب نے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ ...
ایک طرف کورونا کی وجہ سے ضمانتیں، دوسری جانب نیب نے سابق وزیر اعظم کے وارنٹ جاری کردیے

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ نیب نے انہیں طویل عرصے تک قید میں رکھا لیکن ان کے خلاف کوئی ریفرنس فائل نہیں کیا، اب شاہد خاقان عباسی اور ارشد مرزا کے خلاف ریفرنس دائر کرکے ان کے وارنٹ جاری کردیے گئے ہیں۔
سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا کہ وہ ضمانت پر رہائی کے بعد تین مہینے تک سیاسی ٹوئٹر سے دور رہے اور آج دوبارہ ٹوئٹر جوائن کر رہے ہیں ، وہ خود پر قائم نیب کیس کی تفصیلی کہانی سنانا چاہتے تھے لیکن اس وقت پاکستان کو اپنی تاریخ کے بد ترین بحران کا سامنا ہے جس کے سامنے ان کی ذاتی کہانی کی کوئی اہمیت باقی نہیں رہ جاتی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ 50 دن نیب کی حراست میں رہے جبکہ 3 مہینے اڈیالہ جیل میں قید بھگتی ، اس دوران نیب کی جانب سے ایل این جی ٹرمینل کے حوالے سے کوئی ریفرنس فائل نہیں کیا گیا۔ ’ نیب کیلئے معاملات آسان کرنے کے واسطے میرے اور شاہد خاقان عباسی کے وزرا نے عدالت میں کہا کہ پاکستان سے باہر بھی 30 ایل جی ٹرمینل لگائے گئے ہیں، نیب کوئی ایک ایسا ٹرمینل ڈھونڈ لائے جو پاکستان سے سستا لگا ہو، اگر ایسا ہوجاتا ہے تو نیب جو الزام بھی ہم پر لگانا چاہے گا ہم اسے قبول کرلیں گے۔‘
مفتاح اسماعیل نے بتایا کہ نیب کو پاکستان سے سستا کوئی ٹرمینل نہیں ملا لیکن ہم پھر بھی قید رہے، ’ میں نے اور شاہد خاقان عباسی نے قطر سے ایل این جی کی خریداری کے معاملے پر بھی ایسی ہی پیشکش کی کہ اگر نیب صرف ایک ایسی ڈیل لے آئے جو پاکستان سے سستی ہوئی ہے تو ہم نیب کے تمام الزامات قبول کرلیں گے، حیران کن طور پر نیب نے انڈیا کی قطر کے ساتھ ہونے والی ڈیل کی تفصیلات عدالت میں پیش کیں ، یہ ڈیل پاکستان سے ایک مہینہ پہلے سائن ہوئی تھی لیکن اس میں بھی ثابت ہوا کہ انڈین ڈیل پاکستان سے بہت مہنگی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیب کی جانب سے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، ایم ڈی پی ایس او عمران الحق ، سابق سیکرٹری پٹرولیم اور موجودہ سیکرٹری تعلیم ارشد مرزا کے خلاف ایک اور ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بحران میں شاہد عباسی اور ارشد مرزا کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کردیے گئے ہیں۔

مزید :

قومی -سیاست -