مہنگائی پر خاموش رہنے والے اقتدار کیلئے لڑ رہے ہیں،ڈاکٹر نوید الٰہی

      مہنگائی پر خاموش رہنے والے اقتدار کیلئے لڑ رہے ہیں،ڈاکٹر نوید الٰہی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 لاہور(پ ر)پچھلے چند دنوں میں دہشت گردی اور مہنگائی میں اضافہ ہونے کے باوجود حکومت اور مخالفین آپس میں دست و گریباں ہیں۔ آئینی اور سیاسی بحران عروج پر ہے۔ جھوٹ اور عیاری کے جھکڑ چل رہے ہیں۔ چیئرمین عوام تحفظ موومنٹ ڈاکٹر نوید الٰہی نے کہا کب سے مہنگائی کے عفریت نے پاکستان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے مگر اس پہ حکومت اور اپوزیشن خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے لیکن اب سیاسی دنگل چل رہا ہے تو رنگ برنگے چکنے چوپڑے نعروں سے عوام کو بہلایا پھسلایا جا رہا ہے۔ یہ سب ڈھونگ ہے، عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں۔ ڈاکٹر نوید الٰہی نے کہا کہ عوام بد حال ہو گئے ہیں مگر رشوت اور بد عنوانی کا بازار گرم ہے۔ ظاہر ہے اس مار دھاڑ میں اوپر سے نیچے تک سب شامل ہیں۔ اس وجہ سے  منافع خور ہر چیز مہنگے داموں بیچتے ہیں اور رمضان میں یہ ڈاکہ زنی عروج پر پہنچ جاتی ہے۔یوں محسوس ہوتا ہے کہ ذبح شدہ مرغی کو پر لگ گئے ہیں اور اس کی قیمت کی قوتِ پرواز عوام کی قوتِ خرید سے کہیں بڑھ کر ہے۔ ڈاکٹر نوید الٰہی نے باغی رکن اسمبلی وجیہ قمر کے بیان پر فوری انکوائری کا مطالبہ کیا جس میں انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلی عثمان بزدار“بڑے گھر“ کی کمائی کا ذریعہ  ہیں۔ ان حالات میں عوام کو خود مہنگائی کو قابو کرنے کے لئے میدانِ عمل میں آنا ہو گا۔ عوام تحفظ موومنٹ کے اجلاس میں یہ طے کیا گیا کہ موومنٹ کے اراکین پاکستان بھر میں دورانِ رمضان مہنگائی کے خلاف کاروائی کریں گے۔ مہنگا بیچنے والوں کا بائیکاٹ کریں گے۔