مہنگائی مارچ اسلام آباد، اے این پی قافلوں کا شیڈول جاری 

مہنگائی مارچ اسلام آباد، اے این پی قافلوں کا شیڈول جاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور(سٹی رپورٹر) عوامی نیشنل پارٹی نے مہنگائی مارچ اسلام آباد کیلئے شیڈول جاری کردیا ہے۔ باچا خان مرکز پشاور سے جاری شیڈول کے مطابق سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کی قیادت میں عوامی نیشنل پارٹی کا عظیم الشان قافلہ 28 مارچ کو 1 بجے پشاور ٹول پلازہ سے روانہ ہوگا۔ پشاور کے قافلے میں پشاور سٹی، پشاور ڈسٹرکٹ، چارسدہ،  خیبر، مہمند اور کوہاٹ کے جلوس شامل ہوں گے۔ اے این پی ضلع چارسدہ کا جلوس دوپہر 1:30 بجے چارسدہ انٹرچینج پر مرکزی قافلے ساتھ شامل ہوگا۔ اسی طرح نوشہرہ اور مردان کے جلوس 2  بجے مرکزی قافلے کا رشکئی انٹرچینج پر استقبال کریں گے۔ ضلع باجوڑ کا جلوس سہ پہر 2:30 بجے کرنل شیرخان انٹرچینج پر جبکہ صوابی اور بونیر کے جلوس انبار انٹرچینج پرشام کو 3 بجے مرکزی قافلے کے ساتھ شامل ہوں گے۔ اسی طرح ضلع ہری پور کا جلوس شام 3:30 بجے  ہزارہ انٹر چینج پر مرکزی قافلے کا استقبال کرے گا جبکہ ضلع کرک، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک اور  بنوں ہکلہ انٹرچینج پر شام 4 بجے مرکزی جلوس کا استقبال کریں گے۔ سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین کی قیادت میں عوامی نیشنل پارٹی کا عظیم الشان قافلہ شام کو 5 بجے اسلام آباد میں داخل ہوگا۔ سیکرٹری جنرل میاں افتخار حسین نے تمام تنظیموں، عہدیداران اور صاحب الرائے مشران کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ مہنگائی مارچ میں بھرپور اور کثیر تعداد میں شرکت کیلئے تیاریاں تیز کریں۔