(ن)لیگ مہنگائی مکاؤ مارچ رواں دواں،پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں پی ٹی آئی جلسے کا پنڈال سج گیا

  (ن)لیگ مہنگائی مکاؤ مارچ رواں دواں،پریڈ گراؤنڈ اسلام آباد میں پی ٹی آئی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


        لاہور(نمائندہ خصوصی،نیوز ایجنسیاں) پاکستان مسلم لیگ (ن) نے لاہور سے اسلام آباد کیلئے مہنگائی مکاؤ مارچ کا آغاز کر دیا،مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن سے رہنماؤں اور کارکنوں کثیر تعداد کے ہمراہ مارچ کا آغاز کیا، مارچ کے شرکاء سارے راستے قیادت کے حق اور حکومت کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے،مارچ کی وجہ سے مختلف شاہراہوں پر بدترین ٹریفک جام رہا اور گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی رہیں جس کی وجہ سے عام شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، مارچ کے شرکاء کا مختلف مقامات پر اراکین اسمبلی نے کار کنوں کے ہمراہ پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں،پولیس کی طرف سے کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق مہنگائی مکاؤ مارچ میں شرکت کیلئے کارکنان انفرادی طور پر اور اراکین اسمبلی کی قیادت میں صبح سویرے سے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن پہنچنا شروع ہو گئے جو سہ پہر کے وقت مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی قیادت میں اسلام آباد کیلئے روانہ ہوئے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت اور رہنما مارچ کیلئے خصوصی طور پر تیار کئے گئے کنٹینر پر سوار ہوئے اور کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیتے رہے۔ اراکین اسمبلی کی جانب سے مختلف مقامات پر استقبالیہ کیمپ لگائے گئے جہاں پر مارچ کے شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا گیا او ران پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کرکے استقبال کیا گیا۔ مارچ مختلف راستوں سے ہوتا ہے داتا دربار اور وہاں سے شاہدرہ پہنچا جہاں پر شرکاء کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔پولیس کی جانب سے مارچ کے شرکاء اور استقبالیہ کیمپوں کی سکیورٹی کیلئے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ مہنگائی مکاؤ مارچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا عمران خان کی حکومت جا چکی،ہم تو صرف اسے خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، جس کا اپنی پارٹی ساتھ چھوڑ گئی اس کے اتحادی کیوں چپکے رہیں گے، اتحادیوں نے بھی اگلے انتخابات میں ووٹ مانگنے جانا ہے،عمران خان کے نام پر دھتکارا تو جا سکتا ہے انڈے او رٹماٹر تو پڑ سکتے ہیں لیکن ووٹ نہیں پڑ سکتے، فرح خان بنی گالہ کی فرنٹ مین ہے جس کے بہت جلد ثبوت عوام کے سامنے آئیں گے، یہ سارے سکینڈلز کا باپ ہے۔ عوام اس نا اہل اور نا کام حکومت سے کس قدر تنگ ہیں،حکومت کیخلاف اقدام اپوزیشن نے نہیں لیا بلکہ عوام نے لیا،اس کی جو تاریخی ناکامی ہے اس کا بوجھ اب کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن تو لیٹ ہو گئی ہے عوام پہلے آگے چلے گئے ہیں۔ عمران خان جھوٹا شخص اس کی کسی بات کا قوم کو یقین نہیں،یہ وہی پینتیس پنکچر والا، ایک کروڑ نوکریاں والا، پچاس لاکھ گھراورنو دنوں میں کرپشن ختم کرنیوالا شخص ہے۔ اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں،اس کی عزت اسی میں ہے سامان باندھے اور چلتا بنے  میں نے کہا تھااب تمہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا، عمران خان نے جوتباہی اور بربادی کی اس کو درست کرنے میں وقت لگے گا۔ نواز شریف اور شہباز شریف خدمت کا نام ہے،مسلم لیگ (ن) خدمت کا نشان ہے، مسلم لیگ (ن) کو جب بھی حکومت ملی اس نے ملک کوترقی کی راستے پر ڈالا ہے، مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے اورغریب کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے پنجاب کی وزا ر ت اعلیٰ (ق) لیگ کو دینے کے حوالے سے کہا جب فیصلہ ہوگا تو سامنے آ جائیگا۔ تبدیلی تو آ چکی صرف اعلان باقی ہے۔دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے عوام سے مہنگائی مکاؤ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا نوازشریف کی کال پر سب اپنے گھروں سے نکلیں اور مہنگائی کا عذاب نازل کرنیوالوں کو آخری دھکا دیں، اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا مریم نوازاور حمزہ شہبازکیساتھ نکلو اور ظالم حکومت سے نجات حاصل کرو،مہنگائی مکاؤ مارچ عوام کو ہر روز کی مہنگا ئی سے نجات دلائے گاعوام جان لیں، ان کا حق موجودہ کرپٹ نالائق حکمران کھاگیا، وہ نہ نکلے تو پورا پاکستان کھا جائے گا،عوام گھروں سے نکل کر جھوٹے حکمرانوں پر ثابت کردیں کہ ان کی چالاکیاں اب نہیں چلیں گی۔ مہنگائی، کرپشن، نالائقی ایک سچ ہے، عوام اس کیخلاف گھروں سے نکلیں۔کرپٹ حکمران اپنی ڈوبتی سیاست کیلئے عوام کو گمراہ کررہا ہے، اس کے جھوٹ کیخلاف عوام گھروں سے نکلیں اپنی بھرپور شرکت سے عوام پیغام دیں وہ مہنگائی اور اسے لانیوالی حکومت دونوں کو مسترد کرتے ہیں۔ ملک آج جن سنگین مسائل، خطرات اور خدشات میں گھرا ہوا ہے، ان سے نجات میں عوام کو کردار ادا کرنا ہوگا۔ قبل ازیں پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان مسلم لیگ (ن) مریم اورنگزیب نے کہا مہنگائی مکاؤ لانگ مارچ کے خاتمے تک عمران خان کا اقتدار ختم ہو چکا ہو گا،حکومت کے اتحادی بھی جلد اس کیخلاف کھڑے ہوں گے،سیاسی جماعتوں میں بات چیت سیاسی عمل کا حصہ ہے،عمران نیازی کے پاس کوئی سرپرائز نہیں جو وہ دے سکے،ان کے پاس ایک سرپرائز ہے کہ استعفیٰ دے رہے ہیں اور گھر جارہے ہیں،حکومتی اتحادیوں سے ہماری مشاورت جاری ہے،تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد اگلے سیٹ اپ پر ہم مل جل کر مشاورت سے فیصلے کرینگے۔ مہنگائی مکاؤ مارچ میں ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے،ساڑھے 3 سالوں سے جاری مسائل کے خلاف مارچ کیا جا رہا ہے،اس شخص نے عوام کو دوائی لینے کے قابل نہیں چھوڑا،اس شخص نے ذاتی ملازمین کے نام پر بیرون ممالک سے پارٹی فنڈز کے نام پر پیسے منگوائے،اب وہ شخص مذہب کے پیچھے چھپنے کی کوشش کر رہا ہے،عوام اس سے قرضوں کا حساب مانگ رہے ہیں،عوام تم سے تمہاری کارکردگی کا پوچھ رہے ہیں،تم روز سرکاری وسائل استعمال کر کے گالی دے رہے ہو۔آج عوام کے پاس موقع ہے اس کرپشن کے ڈان کو بھگا دیں۔یہ عدم اعتماد سے بھاگ رہا ہے،یہ لانگ مارچ فیصلہ کن ہو گا،لاہور سے نکلنے والے لانگ مارچ کو پورا پاکستان دیکھے گا،اس لانگ مارچ کے خاتمے تک عمران خان کا اقتدار ختم ہو چکا ہو گا۔اسلام آباد کی انتظامیہ ہوش کے ناخن لے،سپیکر جتنے مرضی جتن کر لیں زیادہ سے زیادہ 3 سے 7 دن میں فیصلہ ہونا ہی ہے،عمران نیازی کا یوم حساب آچکا ہے،تمہارا گھر جانے کا وقت آچکا ہے،نتائج آچکے ہیں۔ علاوہ ازیں پی ڈی ایم کے زیر اہتمام مہنگائی مکاؤ مارچ کیلئے جے یوآئی لاہور کا قافلہ اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گیا۔قافلے کی قیادت مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا امجد خان، مولانا سلیم اللہ قادری نے کی۔جبکہ جے یوآئی کے پنجاب کے مختلف اضلاع سے بھی قافلے اسلام اباد کی طرف روانہ ہوگئے۔اس موقع پر مولانا محمد امجد خان نے دیگر رہنماؤں کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں کہا مہنگائی مارچ کا فیصلہ دو ماہ پہلے ہوا تھا، یوم پاکستان پریڈ اور اوآئی سی اجلاس کی وجہ سے نئی تاریخ 26مارچ طے ہوئی۔ مولانا فضل الرحمن قوم کی اواز  بن چکے ہیں،عوام عمران خان حکومت کی معاشی پالیسیوں سے تنگ آچکے ہیں۔ عدم اعتماد کی تحریک تیزی سے کامیابی کی طرف بڑھ رہی ہے اور اب فیصلہ کا اعلان باقی ہے۔ اب عمران کے جانے اور گھبرانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، ہم پر امن مہذب لوگ ہیں ہمارا شاندار ماضی روشن مستقبل کی نوید سحر ہے، ہم نے ہمیشہ آئین و قانون کی بالا دستی کی جنگ لڑی، جن مقاصد کیلئے وطن عزیز بنایا گیا ان مقاصد کے تکمیل کیلئے جے یو آئی میدان عمل میں جدوجہد میں مصروف ہے۔
مہنگائی مکاؤ مارچ

اسلام آباد، کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔جلسہ گاہ میں خوا تین کیلئے خصوصی انکلوژر تیار کیا گیا ہے اور 800 کرسیاں لگادی گئیں جبکہ خواتین انکلوژرکوحفاظتی شیٹس اورخاردارتار لگا کرالگ کیا گیا ہے۔جلسہ گاہ میں مرد شرکا کیلئے 6 ہزار کرسیا ں لگادی گئی ہیں اور اس حوالے سے منتظمین کا کہنا ہے 30 ہزار کرسیوں کا آرڈر دے رکھا ہے۔مرکزی اسٹیج 36 کنٹینرز لگا کر بنایا گیا ہے جبکہ سینئر لیڈرشپ کیلئے بھی خصوصی کنٹینر لگادیا گیا۔پریڈ گراؤنڈ میں روشنی اور بجلی کے انتظام کیلئے جنریٹر پہنچا دیا گیا۔اس کے علاوہ جلسے کی تیاریوں کی نگرانی کیلئے پی ٹی آئی رہنماؤں کی بھی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔تحریک انصاف کے ”امر المعروف“ جلسے میں شرکت کیلئے گلگت بلتستان اور کراچی سے قافلے اسلام آباد پہنچ گئے۔وزیراعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان قافلے کی قیادت کررہے تھے، اسلام آباد داخلے پر قافلے کا ایچ نائین کے مقام پر پڑاؤ رہا اور قافلے کے شرکاء کیلئے ناشتے کا اہتمام کیا گیا،وزیراعلیٰ گلگت بلتستان شرکاء میں گھل مل گئے۔گزشتہ روز کراچی سے روانہ ہونیوالا کاروان سندھ اسلام آباد پہنچ گیا، قافلے کی قیادت اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ کررہے تھے،کاروان سندھ کے شرکاء امربالمعروف جلسے میں شرکت کریں گے۔ حلیم عادل شیخ نے کہاچوبیس گھنٹوں سے جاگ رہے ہیں ہمارے جذبے جوان ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کے جلسے کے حوالے سے راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والی شاہراہوں پر ہینگر سیکرین بینرز اور پوسٹرز، آویزاں کر دیئے گئے،عمران خان کی تصاویر والے بینرز اور سکرینز کو میٹرو پلرز کھمبوں اورانڈر پاس پر لٹکا دیئے گئے۔مرکزی حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے آج ہونیوالے جلسے کیلئے اپنے پرانے موسیقار اور ساؤنڈ سسٹم ساتھی محمد آصف عرف ڈی جے بٹ کی خدمات حاصل کرلیں۔علی نواز اعوان کے مطابق ماضی میں ڈی جے بٹ کیساتھ 2014 کی احتجاجی تحریک میں ساؤنڈ اور میوزک سسٹم فراہم کرنے پر ہونیوالے تنازعات حل ہو چکے۔ جلسے میں میوزک اور ساؤنڈ سسٹم کے تقریبا تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں اور پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے انتظامات کا جائزہ بھی لیا۔حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف کی سیلف ڈیفنس فورس اسلام آباد کیلئے روانہ ہو گئی،پی ٹی آئی کی سیلف ڈیفنس فورس کی قیادت ایم پی اے راجہ اظہر کر رہے ہیں۔راجہ اظہر کا سیلف ڈیفنس فورس کے ہمراہ اپنے ویڈیو بیان میں کہنا تھا ہم تین چوہوں کو جواب دینے جارہے ہیں، ہم مسلح،لاٹھی، ڈنڈا بردار فورس نہیں، ہم اپنے ہاتھوں سے اپنے لیڈروں کو تحفظ دیں گے، ان چار چوروں کو بتائیں گے کہ ملک کو عمران خان کی ضرورت ہے۔دوسری جانب اسلام آباد کے آئی جی نے وزارت داخلہ سے پنجاب پولیس کا اینٹی رائٹ اسکواڈ مانگ لیا،دوہزار سے زائد خصوصی تربیت یافتہ سپیشل ڈانڈا بردار پولیس فورس ضروری سامان کے ساتھ اسلام آباد پہنچے، موجودہ ملکی صورتحال، ڈویژن بھر میں سرکاری اداروں کی چھٹیاں بھی منسوخ۔ریسکیو 1122، صحت کی سہولیات، سول ڈیفنس کو ہائی الرٹ پر رہنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے،احکامات کسی بھی ممکنہ صورت حال بننے پر قابو پانے کیلئے جاری کیے گئے۔قانون نافذکرنیوالے اداروں کیساتھ بہترین رابطہ رکھنے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہاگیاکہ روز مرہ کی رپورٹ کمشنر دفتر ارسال کی جائے، احکامات کا نوٹیفکیشن کمشنر راولپنڈی ڈویژن نورالامین مینگل نے جاری کیا۔
پی ٹی آئی جلسہ

مزید :

صفحہ اول -