ستارہ امتیاز ملنے پر اللہ کی شکر گزار ہوں،نائلہ کیانی
اسلام آباد(پ ر)پاکستان کی بہادر اور نامور خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی کی شاندار کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔حال ہی میں یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں تقریب میں صدر پاکستان کی جانب سے اعلیٰ ترین سویلین یوارڈ ستارہ امتیاز حاصل کرکے انہوں نے اپنے تاج میں ایک اور نگینہ کا اضافہ کیا ہے۔نائلہ کیانی کوہ پیمائی کے میدان میں ایک روشن مثال کی حیثیت رکھتی ہیں۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ انہیں 8000میٹر سے بلند دس چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما کا اعزاز بھی حاصل ہے۔مزید بر آں وہ پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بھی ہیں،جنہوں نے محض چھ ماہ کی قلیل مدت کے دوران سات بلند و بالا چوٹیاں سر کرنے کا کارنامہ بھی سر انجام دیا ہے۔ انہوں نے 2023 میں 8848 میٹر بلند دنیا کی بلند ترین چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ،2022 میں 8611 میٹر بلند کے ٹو، 2023 میں 8516میٹر بلند لوتسے، 2023 میں 8126 میٹر بلند نانگا پربت، 2023 میں 8163 میٹر بلند مناسلو،2023 میں 8091 میٹر بلند اناپورنا،2023 میں ہی 8051 میٹر بلند براڈ پیک، 2021 میں 8035 میٹر بلند گاشر برمii،2022 میں 8080 میٹر بلند گاشر برمiاور 2023 میں 8188 میٹر بلند چو اویو سر کرنے کا کارنامہ سر انجام دیا۔اس پرمسرت موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے نائلہ کیانی کا کہنا ہے کہ ”وہ اس اعزاز کے حصول پر اللہ تعالیٰ کی بہت شکر گزارہیں۔بلقیس اور عبدالرزاق فاؤنڈیشن (BARD) عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ”ہمیں نائلہ کیانی کی کامیابیوں پر انتہائی فخر ہے اور ہم اپنے BARD)) کی ساتھی کو اس اعزاز کے حصول پر دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور مستقبل میں بھی دعا گو ہیں کہ نائلہ کیانی ملک و قوم کا نام روشن کرتی رہے اور مزید اعزازات اپنے نام کرے۔