ڈور پھرنے کے واقعات میں بچے سمیت 4افراد زخمی، نوجوان آصف کی موت کا باعث بننے والی قاتل ڈور کا مالک گرفتار
اسلام آباد، کراچی، سیالکوٹ(این این آئی)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی پتنگ کی دھاتی ڈور گردن پر پھرنے سے کم عمر بچہ زخمی ہو گیا پتنگ بازی سے بچے کے زخمی ہونے کا واقعہ سیکٹر جی الیون مرکز میں پیش آیا۔بچہ گاڑی میں سن روف سے باہر نکل کر کھڑا تھا کہ نامعلوم سمت سے آتی ڈور بچے کی گردن پر پھر گئی، زخمی بچے کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔سیالکوٹ میں جنرل بس اسٹینڈ کے قریب پتنگ کی ڈور پھرنے سے نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق نوجوان جنرل بس اسٹینڈ سے کچہری کی طرف موٹرسائیکل پر جا رہا تھا کہ پتنگ کی ڈور پھرنے سے وہ زخمی ہوگیا۔پولیس کے مطابق نوجوان کو زخمی حالت میں سردار بیگم ہسپتال منتقل کردیا گیا۔ شہر قائد میں قاتل ڈور نے 2 موٹر سائیکل سواروں کو زخمی کردیا، کھوکھرا پار میں شفیع الدین موٹرسائیکل پرگھرجارہاتھا کہ گلے پر ڈور پھرگئی، جس کے بعد زخمی کوفوری طوراسپتال منتقل کیاگیا، کھوکھراپار پولیس نے علاقے کے 2 پتنگ بازوں کو حراست میں لے لیا۔دوسری جانب ملیر میں سعود آباد چورنگی کے قریب بھی موٹرسائیکل سوار پینتالیس سال کا شخص گلے پر ڈور پھرنے سے زخمی ہوگیاپولیس نے پتنگ بازوں کیخلاف ایکشن شروع کردیا اور متعدد پتنگ باز اور ایک پتنگ فروش کو حراست میں لے لیا، جن سے چرخیاں اورپتنگیں برآمدکرلیں ہیں۔
ڈور زخمی
فیصل آباد، لاہور (این این آئی)فیصل آباد پولیس نے پتنگ کی ڈور پھرنے سے جاں بحق ہونیوالے محمد آصف اشفاق کی قاتل ڈور کے مالک کو تلاش کر کے گرفتار کر لیا سی پی او فیصل آباد محمد علی ضیا نے اس سلسلے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ نوجوان آصف کی پتنگ کی ڈور سے ہونے والی موت کے المناک واقعے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب کی جانب سے ملزمان کی گرفتاری کیلئے 48 گھنٹوں کا وقت دیا گیا تھا پولیس تفتیش کے دوران وقوعہ کے قریب ایک چھت پر پتنگ بازی کرنیوالے عابد نامی شخص کو تلاش کیا گیا جس نے حراست میں لیے جانے کے بعد اقرار جرم کر لیا سی پی او فیصل آباد کے مطابق ملزم کی نشاندہی پر اسے دھاتی ڈور لا کر دینے والے اور فروخت کرنیوالے دیگر چار افراد کو بھی گرفتار کر لیا گیا جن کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے دوسری جانب رواں ماہ میں پتنگ بازی کیخلاف مختلف کارروائیوں میں 1285مقدمات درج کر کے1330ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 1223پتنگ باز، 95پتنگ فروش جبکہ 12پتنگ ساز شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضہ سے19ہزار700 سے زائد پتنگیں اور1116چرخیاں برآمدکی گئیں س حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے خونی کھیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی حافظ آباد میں پولیس نے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کیخلاف آپریشن کیا، اور مختلف علاقوں میں 90 سے زائد مقدمات درج کرلیے پولیس نے متعدد پتنگ فروش اور پتنگ باز گرفتار کرلیے ملزمان سے سیکڑوں پتنگیں، ڈور کی چرخیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیے۔دوسری طرف پتوکی میں پولیس نے پتنگیں اور کیمیکل ڈور بنانے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر چھاپے کے دوران سیکڑوں کی تعداد میں پتنگیں اور دیگر سامان برآمد کرلیں۔
پتنگ باز گرفتار