تربت دہشتگردانہ حملے میں شہید سپاہی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی
راولپنڈی (این این آئی)تربت دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونیوالے سپاہی کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق گزشتہ روز تربت میں پاکستا ن نیول بیس، پی این ایس صدیق پر دہشتگردانہ حملے میں جام شہادت نوش کرنیوالے سپاہی نعمان فرید کی نماز جنازہ ہیڈکوارٹر فرنٹیر کور بلوچستان تربت میں ادا کر دی گئی جس میں سینئرافسران اورفوجی جوانوں نے شرکت کی۔آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کو مکمل فوجی اعزاز کیساتھ آبائی علاقے میں سپرد خاک کیا جائیگا۔ سپاہی نعمان فرید شہید کی عمر 24سال تھی جو مظفر گڑھ کا رہائشی تھا، سپاہی نعمان فرید شہید نے 2سال سے زائد عرصہ ملک کے دفاع کی ذمہ داریاں سر انجام دیں، شہیدنے سوگواران میں اہلیہ،بیٹی، بہن بھائی اور والدین چھوڑے ہیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق ہمارے شہداکی یہ قربانیاں دہشتگردی کیخلاف ہمارے عزم اور مادر وطن سے محبت کو تقویت دیتی ہیں۔
شہید نماز جنازہ