خیبر پختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر حلف کا معاملہ، سپیکر سے آج جواب طلب
پشاور (این این آئی)پشاور ہائی کورٹ نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر حلف نا لینے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے سپیکر صوبائی اسمبلی کو کل تک عدالت میں جواب جمع کروانے کا حکم دے دیا ہے۔ مقدمے کی سماعت جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس سید ارشد علی نے کی، الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر بشیر مہمند اور ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمن خیل عدالت میں پیش ہوئے۔سماعت کے آغاز میں وکیل الیکشن کمیشن سکندر بشیر مہمند نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹیفکیشن جاری کیا ہے مگر اب اسپیکر صوبائی اسمبلی ان سے حلف نہیں لے رہے ہیں، لاہور ہائی کورٹ نے گورنر پنجاب کو حلف لینے حکم دیا اور حکم عدولی پراسپیکر نے حلف لیا۔وکیل اسپیکر صوبائی اسمبلی علی عظیم آفریدی ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیکریٹری اسمبلی کو کل طلب کیا ہے، انہوں نے الیکشن کمیشن میں بھی درخواست دی اور یہاں بھی آگئے اس پر الیکشن کمیشن کے وکیل سکندر مہمند نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ممبران کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ایسے کیسز میں عدالتوں کے فیصلے موجود ہیں، ایک آئینی عہدہ دار اپنی آئینی ذمہ داری ادا نہیں کررہا اور ممبران سے حلف نہیں لے رہا۔انہوں نے کہاکہ نوٹیفکیشن کے بعد بدنیتی پر حلف نہ لینا آئینی خلاف ورزی ہے، مخصوص نشستوں کے کیس میں لارجر بینچ نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔دوران سماعت اسپیکر کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وکالت نامہ جمع کراؤں گا، ابھی اسپیکر کے دستخط باقی ہیں،اور کل اپنا جواب بھی جمع کروں گا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ (آج) بدھ کو اس کیس کو دوبارہ کیس سنیں گے۔بعد ازاں عدالت نے اسپیکر صوبائی اسمبلی کو (آج) بدھ تک جواب جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ عدالت میں جواب نہ دینے پر سماعت (آج) بدھ تک ملتوی کردی۔پشاور ہائی کورٹ نے ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل کو (آج) بدھ تک جواب عدالت تک جواب جمع کروانے کی ہدایت بھی جاری کردی۔
مکصوص نشستیں