کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیر اہتمام انٹر ایکٹیو اور ورچوئل ٹورازم ویب سائٹ کا افتتاح
پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت، ثقافت و آثارقدیمہ زاہد چن زیب نے منگل کو پشاور میں ایک سادہ مگر پروقار تقریب کے دوران کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی کے زیراہتمام انٹرایکٹیو اور ورچوئل ٹورازم ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ اس نئی ویب سائٹ میں صوبے کے تمام اہم سیاحتی مقامات کی باتصویر تفصیلات کے علاوہ آن لائن ورچوئل سیر کرنے کی سہولیات بھی دستیاب ہیں اور کوئی بھی وزیٹر وی آر پہن کر کسی بھی سیاحتی مقام کو کلک کرے تو اسے ایسا محسوس ہوگا جیسے وہاں خود پہنچ چکا ہے اور اپنی من پسند کسی بھی جگہ گھوم پھر سکتا ہے۔ مشیر سیاحت نے اس کوشش کو سراہتے ہوئے صوبہ بھر کے ورچوئل ٹورازم پر بھرپور توجہ دینے کی ہدایت کی اور سیاحتی مقامات کے علاؤہ مختلف مذہبی و ثقافتی اور آثارقدیمہ کے مقامات کو بھی اس ویب سائٹ میں ورچوئل ٹورازم کی زینت بنانے پر زور دیا۔ اسی طرح انہوں نے ضم اضلاع کے تمام سیاحتی و ثقافتی اور آثارقدیمہ کے مقامات کو بھی ورچوئل ٹورازم کی فہرست میں شامل کرنے کی تاکید کی، جو اب صوبے کا ناگزیر حصہ بن چکے ہیں اور ملکی و غیر ملکی سیاح وہاں جانے کے متمنی ہیں۔ انہوں نے ویب سائٹ پر دیگر خدمات کے علاؤہ ہوٹل بکنگ سے منسلک تمام سہولیات بھی وب سائٹ پر مہیا کرنے کی ہدایت کی تاکہ ون ونڈو آپریشن کے تحت کوئی بھی تشنگی باقی نہ رہے اور واضح کیا کہ ان اقدامات سے ویب سائٹ کے ناظرین کے علاؤہ اتھارٹی کی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ زاہد چن زیب نے کہا کہ وہ پارٹی سربراہ عمران خان کے ویژن اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کے اعتماد پر پورا اترتے ہوئے صوبہ میں سیاحت و ثقافت کی ترویج کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے جبکہ ٹورازم انڈسٹری دنیا میں آمدن کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور ہم صرف سیاحت کی صنعت سے اپنے صوبہ کو مالدار اور خوشحال ترین صوبہ بنا سکتے ہیں۔ مشیر سیاحت نے موسم گرما کا سیزن شروع ہونے کے سبب گلیات، ہزارہ، ملاکنڈ اور چترال سمیت تمام سیاحتی میں سیاحوں کیلئے اضافی سہولیات کی فراہمی اور نئے سیاحتی مقامات کھولنے کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت بھی کی