ٹیوٹا کے اداروں کو بہتر بنائیں گے: وزیر صنعت و تجارت

ٹیوٹا کے اداروں کو بہتر بنائیں گے: وزیر صنعت و تجارت

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        ملتان(سٹی رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں ٹیوٹا کی جاری ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت اور سی ایم یوتھ سکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے مختلف خدوخال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ٹیوٹا کے موجودہ اداروں میں بہتری لائے بغیر کوئی نیا ادارہ نہ بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اجلاس سے (بقیہ نمبر9صفحہ7پر)

خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کو عالمی تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ٹیوٹا کو عالمی مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے روایتی انداز سے ہٹ کر کام کرنا ہوگا۔چوہدری شافع حسین نے کہاکہ لیبز کویوایم ٹی جیسی یونیورسٹیوں کے تعاون سے اپ گریڈ کیا جائے جبکہ ٹیوٹا کے اداروں میں طلبہ اور سٹاف کی بائیومیٹرک حاضری کا اہتمام بھی کیا جائے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہاکہ مائیکرو چپ مینوفیکچرنگ مستقبل کی ضرورت ہے اس پر خصوصی توجہ دی جائے۔ٹیوٹا کے اداروں میں عریبک،جرمن، کورین، جیپنیز اور سپینش لینگویج کورسز شروع کئے جائیں اور ٹیوٹا کے اداروں کا نصاب عالمی مارکیٹ اور مقامی انڈسٹری کی ضروریات کے مطابق تیار کیا جائے۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے ٹیوٹا کی ویب سائٹ میں بہتری لانے کی بھی ہدایت کی۔چیئرمین ٹیوٹا بریگیڈیئر ریٹائرڈ محمد ساجد کھوکھر نے ادارے کی ترقیاتی سکیموں پرپیش رفت بارے بریفنگ دی اور آئندہ کے لائحہ عمل سے بھی آگاہ کیا۔سیکرٹری صنعت و تجارت احسان بھٹہ،سی او او قراتہ العین، سینئر ڈی جی اختر عباس بھروانہ، سینئر اکنامک ایڈوائزر جاوید اقبال اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔