اسلام آباد ہائیکورٹ نے ضلعی انتظامیہ کو پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی ، اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق عدالت نے اسلام آباد انتظامیہ کو ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ آپ نے جو شرائط عائد کرنی ہیں وہ کردیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا،جلسے سب نے کئے ہیں، انتظامیہ قواعدوضوابط اورشرائط طے کرلیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ ہم اب 6اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی وکیل کو ہدایت کی کہ آپ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو،سٹینڈنگ کونسل نے کہاکہ سکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔
چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں،عدالت نے کہاکہ غیرمعمولی شرائط عائد نہ ہوں،جو سٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں،جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ پہلے والے چیف جسٹس بھی اجازت دیتے رہے ہیں میں نے بھی آرڈر کیا ہے،سرکاری وکیل نے کہاکہ گزشتہ روز دہشتگردی کا ایک افسوسناک واقعہ بھی ہوا ہے،چیف جسٹس ہائیکورٹ نے کہاکہ زندگی رکتی تو نہیں ہے، چلتی رہتی ہے ،ہم نے اسی طرح دہشتگردی کا خاتمہ کرنا ہے،سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کا وقت دے دیں،چیف جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ آپ کی رضا مندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔