ایف بی آر کے گریڈ 19، 20 اور 21 کے افسران کے گرد گھیرا تنگ ،چھان پھٹک شروع
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن )فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ملازمین کی تفصیلات کیلئے سول انٹیلی جنس ایجنسی کو ٹاسک دے دیا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ ایجنسی نے ملازمین کے دفاتر اور رشتے داروں سے معلومات لینا شروع کردی ہیں، انٹیلی جنس ایجنسی گریڈ 19، 20 اور 21 کے ملازمین کی معلومات اکٹھی کررہی ہے جس میں آفیسرزکی مالی طورپر ایمانداری اور پروفیشنل کارکردگی کی معلومات لی جارہی ہیں۔
ذرائع کا کہناہے کہ معلومات ملنے کے بعد ملازمین کو اے، بی اور سی کیٹیگری میں رکھا جائےگا، کیٹیگری اے اوربی کے افسران کو رپورٹ کی مناسبت سے پوسٹنگ دی جائے گی جبکہ کیٹیگری سی میں آنے والے ملازمین کو اہم ذمہ داری نہیں سونپی جائے گی اور ایسے افسران کو ملازمت سے فارغ بھی کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مستقبل میں ترقی بھی انہی رپورٹوں کی مدد سے کی جائے گی۔