اپنے درشت اور تلخ روئیے کیلئے معذرت کرو, صرف یہی کہو، مجھے بہت افسوس ہے، بہت احمق تھا کہ تمہاری کارکردگی میں کیڑے نکالے
مصنف:ڈاکٹر ڈیوڈ جوزف شیوارڈز
ترجمہ:ریاض محمود انجم
قسط:41
چند لمحوں کے وقفے کے بعد میں کہنے لگا ”ٹم، کل جو تم نے گفتگو اپنے کارکن کے ساتھ مجھے اس کے متعلق تباؤ۔“
ٹم نے جواب دیا: ”میں وہ شخص ہوں جو صرف اور صرف شاندار کارکردگی چاہتا ہے میں نے اسے بتادیا کہ اس کی کارکردگی اچھی نہیں ہے اور اس کے باعث کمپنی کی آمدنی کم ہو رہی ہے۔ مختصر یہ کہ میں نے اسے کہہ دیا کہ یا تو اپنی کارکردگی اچھی کرے، یا پھر ملازمت چھوڑ دے۔“
پھر میں نے ٹم سے کہا ”اس سلسلے میں میری ایک تجویز ہے، اگر تم پسند کرو تو …………؟“
ٹم نے کہا: ”جیسا تم چاہو، میں اس سیمینار میں اس لیے آیا تھا کہ میں ایک بہتر منیجر بن سکوں۔“
میں نے جواب دیا ”بہت خوب میری تجویز یہ ہے کہ کل تم چند لمحوں کے لیے جان(John) سے ملاقات کرو اور اس سے اپنے درشت اور تلخ روئیے کے لیے معذرت کرو۔ صرف یہی کہو، جان، اس ہفتے جو کچھ بھی میں نے تمہیں برا کہا، اس پر مجھے بہت افسوس ہے، میں بہت احمق تھا کہ میں نے تمہاری کارکردگی میں کیڑے نکالے۔ مجھے معلوم ہے کہ تمہاری ایک اچھی اور حسین بیوی ہے۔ اس قسم کی مہذب، شائستہ، ذہن اور عورت سے شادی اس امر کا ثبوت ہے کہ تم واقعی باصلاحیت ہو اور خوبیوں سے مالا مال ہو۔ اپنی ذات میں موجود صلاحیتوں اور خوبیوں کو پہنچانو، اپنی عزت نفس بحال کرو۔ جان کو اس کی ذات اور شخصیت میں موجود خوبیوں و صلاحیتوں کے متعلق یاد دلاؤ اور پھر اسے اس کے کام کے ضمن میں مناسب ترکیب و طریقے سے آگاہ کرو۔ میں نے یہ جو تمام کام تمہیں کہے ہیں، انہیں کرو، اور پھر دیکھو کہ جان کی کارکردگی کس قدر بہتر ہوتی ہے۔“
اس گفتگو کے2 ماہ بعد تم مجھ سے ملاقات کے لیے آیا اور مجھ سے کہنے لگا ”میرے پاس ایک ایسی اچھی خبر ہے جس میں تمہیں دلچسپی ہو سکتی ہے۔ میں نے تمہاری ہدایت کے مطابق جان کو وہ تمام باتیں کہہ دیں، میں نے اس کی عزت نفس کو ابھارا، میں نے اس کے دل میں کامیابی وجیت کے جذبات پیدا کیے۔ گذشتہ ماہ، شعبہ فروخت کے عملے کے مقابلے میں وہ تیسرے نمبر پر رہا۔ یہ شخص اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری پیدا کر رہا ہے اور مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔“
ٹم نے اپنی بات جاری رکھی ”اور اس سے بھی اہم بات یہ ہے کہ میں ایک جامع منصوبہ بنا رہا ہوں جس کے مطابق بقایا تمام کارکن اپنے طور پر مصنوعات فروخت کر رہے ہیں، اوریہ طریقہ بہت کارگر ثابت ہو رہا ہے۔“
”ہمارے ساتھ کام کرنے والے بہت سے لوگ آج کل ملازمت سے فارغ ہو رہے ہیں۔ ہر روز، کچھ لوگوں کو کچھ اس طرح بتایا جاتا ہے: ہمیں افسوس ہے کہ تمہاری خدمات مزید درکار نہیں ہیں۔ تمہارا کام ہماری توقعات کے مطابق نہیں ہے“ یا ”تم اپنا کام صحیح طور پر انجام نہیں دے رہیں۔ اب میں تمہیں یہ بتاؤں کہ اس ماہ کی تیرہ تاریخ سے تمہیں ملازمت سے فارغ کیا جا رہا ہے، تمہیں ایک ماہ کی اضافی تنخواہ مل جائے گی۔“(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بُک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوط ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔