بھارتی فوجی کیمپ میں فوجیوں کی باہمی لڑائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک

بھارتی فوجی کیمپ میں فوجیوں کی باہمی لڑائی میں تین بھارتی فوجی ہلاک


سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ پونچھ میں بھارتی فوجی کیمپ میں فوجیوں کی باہمی لڑائی میں جے سی او سمیت تین بھارتی فوجی مارے گئے ۔ گزشتہ روز لائن آف کنٹرول کے دیگوار سیکٹر میں میدان گلپور پوسٹ پر 17جیک لائی کی ڈی کمپنی کے کچھ فوجیوں میں آپسی توتومیں میں شروع ہوگئی جس نے بعد میں سنگین صورت اختیار کرلی۔ اس دوران نوبت ہاتھا پائی سے بھی آگے بڑھتے ہوئے بندوقوں تک آن پہنچی اور پوسٹ کے اندر گولیاں چلنے کی آواز سنائی دیں۔ یہ جھگڑا نائک درشن کمار ولد ستپال ساکن پرلادپور جموں اور حوالدار رنجود ولد گرداری سنگھ ساکن بٹیال جموں کے درمیان شروع ہوا جس میں دونوں نے ایک دوسرے پر بندوقیں تان لیں اور اسی دوران درشن کمار کی بندوق سے گولی نکل کر حوالدار کے سینے کو پار کرگئی ۔

رجت گولی لگتے ہی ہلاک ہوگیا۔ گولیوں کی آواز سن کر صوبیدار چمبیل سنگھ ولد امر سنگھ ساکن مدوال ہیرا نگر دوڑکرجائے حادثہ پر پہنچے اور آپے سے باہر ہونے والے جوان سے بندوق لینے کی کوشش کی جس دوران ایک اور گولی ان کے سینے کو چاک کرتے ہوئے گردن سے نکل گئی جس کے نتیجہ میں وہ بھی موقعہ پر ہلاک ہوگیا۔ دو ساتھی اہلکاروں کو ہلاک کرنے کے بعد ، اس سے پہلے کہ دیگر اہلکار اْسے دبوچ لیتے، مذکورہ اہلکار نے خود کو بھی گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی اور فوج کے اعلیٰ آفیسران کا سارا دن یہاں آناجانارہا۔جنرل آفیسر ان کمانڈنگ بھی پوسٹ پر پہنچ گئے اور فوج نے اس معاملے کی محکمانہ تحقیقات شروع کردی ہے ۔ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ3فوجی آپسی تصادم میں ہلاک ہوئے لیکن ابھی تک جھگڑے کی اصل وجہ معلوم نہیں ہوسکی ۔



مزید : عالمی منظر