ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ افراط زر کی شرح کو مد نظر رکھ کرکریں گے،مجتبیٰ شجاع
لاہور( پ ر)وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ افراط زر کی شرح کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا اور وفاقی حکومت جو بھی اضافہ تجویز کرے گی پنجاب میں اسے لاگو کردیا جائے گا انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے بجٹ میں ہر سال جی ڈی پی کا ایک فیصد بڑھا رہی ہے اور اس وقت پنجاب کے بجٹ کا 26فیصد تعلیم کے فروغ پر خرچ کیا جارہا ہے اور آئندہ بجٹ میں بھی محکمہ تعلیم اور صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے گاان خیالات کا اظہار انہوںنے کالج آف فارمیسی پنجاب یونیورسٹی کے پہلے کانووکیشن میں ڈگریاں تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا - وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مجاہد کامران، پرنسپل فارمیسی کالج ڈاکٹر مبشر احمد بٹ ، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹرلیاقت علی اور کنوینئر ڈاکٹر نوازش حسین نے بھی تقریب سے خطاب کیامجتبیٰ شجاع الرحمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ فارمیسی گریجوایٹس کو پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بامعاوضہ انٹرن شپ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت نے پہلے بھی فارماسسٹ کے مسائل حل کرتے ہوئے سروس سٹرکچر کی تشکیل نو کی اور انہیں گریڈ 17گریڈ 21تک ملازمت کے مواقع فراہم کئے اور حکومت فارماسسٹ کو درپیش دیگر مسائل بھی حل کرے گی کیونکہ بیماراشخاص کی خدمت کرنا ایک نیک مقصد ہے قبل ازیں صوبائی وزیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبا و طالبات کو گولڈمیڈل دیئے جبکہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران نے کامیاب طلبہ میں ڈگریاں تقسیم کیں-