ہائیکورٹ نے شوہرکے خاتون کو تیزاب پلا کر ہلاک کرنے کا نوٹس لے لیا

ہائیکورٹ نے شوہرکے خاتون کو تیزاب پلا کر ہلاک کرنے کا نوٹس لے لیا

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہورہائی کورٹ نے شوہر کی جانب سے خاتون کو زبردستی تیزاب پلا کر ہلاک کرنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حافظ آباد کوواقعہ کی شفاف کارروائی اور پولیس کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق محلہ حسن ٹاﺅن کی رہائشی صوبیہ کی شادی ایک سال قبل تحصیل گوجرہ کے علاقہ احمد آباد کے رہائشی قمر شاہ سے ہوئی۔ خاوند کی جانب سے کئے جانے والے روز روز کے تشددپر دونوں کے تعلقات کشیدہ ہوگئے جس پر صوبیہ روٹھ کر میکے حافظ آباد چلی گئی۔ تاہم کچھ عرصہ بعد قمر شاہ اپنی بیوی کو منا کر واپس گھر لے آیا اور ایک روز زبردستی اسے تیزاب پلا دیا۔ واقعہ کی اطلاع ملنے پر خاتون کے گھر والوں نے اسے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہوسکی۔ بعد ازاں خاتون کی نعش کو پوسٹ مارٹم کےلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے مذکورہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کر دی ہے، تاہم مختلف جگہوں پر چھاپے مارنے کے باوجود وہ گرفتار نہیں ہو سکا۔عدالت عالیہ لاہور کے شکایات سیل نے مذکورہ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو واقعہ کی تفصیلی رپورٹ ایک ہفتے میں پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

 نوٹس

مزید : صفحہ آخر