باغبانپورہ سنگ دل بیٹے نے پسند کی شادی نہ ہونے پر ماں کو قتل کر دیا

باغبانپورہ سنگ دل بیٹے نے پسند کی شادی نہ ہونے پر ماں کو قتل کر دیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(لیاقت کھرل)باغبانپورہ کے علاقہ میں سنگ دل بیٹے نے پسند کی شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر والد ہ کی شۂ رگ کاٹ کرموت کے گھاٹ اتار دیا، محلہ داروں نے ملزم آصف کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر مردہ خانے جمع کروادی ، تفصیلات کے مطابق سراج پورہ کے رہائشی محمد سرور نے محلہ دار بیوہ خاتون رضیہ بی بی سے اٹھارہ سال قبل شادی کی تھی، رضیہ بی بی کے پہلے خاوند سے چار بچے جن میں سے تین شادی شدہ اور فیصل آباد میں رہائش پزیر ہیں، اور ایک بیٹا آصف محلے میں ہی رہائش پزیر ہے، رضیہ بی بی کی دوسرے خاوند سے بھی دوبچے ہیں۔ رضیہ بی بی کا پہلے خاوند سے بیٹا آصف محلے دار کی بیٹی سے پسند کی شادی کرنا چاہتا تھا، جس پر والدہ کو اعتراض تھا ، اور والدہ آصف کی اپنی مرضی سے شادی کرنا چاہتی تھی، اس بات پر دونوں ماں بیٹے کے درمیان اکثر جھگڑا رہتا تھا، گزشتہ روز آصف اپنی والدہ کے گھر آیا اور شادی کرنے کی ضد کی، جس پر والدہ کے ساتھ تکرار ہوگئی، آصف مشتعل ہوگیا اور بعد میں بے دردی کے ساتھ تیز دھار آلہ سے اپنی والدہ کی شۂ رگ کاٹ دی،محلے داروں نے ملزم آصف کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کردیا، ملزم پولیس کے سامنے اپنابیان بدلتا رہا پولیس نے مقتولہ کے خاوند سرور کے بیان پر مقدمہ درج کرلیا ہے، مقتولہ کے خاوند سرور اور محلے داروں آصف علی، رانا طارق علی اور مقتولہ کے بیٹوں علی رضا اور چاند نے روز نامہ’’پاکستان‘‘کو بتایا کہ ملزم آصف رکشہ ڈرا ئیور اور پسند کی شادی کی خواہش پوری نہ ہونے پر اکثر اپنی والدہ کو مارپیٹ کرتاتھا، مقتولہ کے خاوند سرور کے مطابق ملزم آصف نشہ کا عادی ہے۔ ایس ایچ او صفدر سجاد کے مطابق ملزم آصف سے آلہ قتل برآمد کرلیاگیا ہے، باقاعدہ گرفتاری ڈالکر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

مزید :

صفحہ آخر -