بیگار لینے والے گروہ کے6 ملزم گرفتار 9 مغوی بر آمد

بیگار لینے والے گروہ کے6 ملزم گرفتار 9 مغوی بر آمد

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لا ہور (کرا ئم سیل ) شریف مزدوروں اور نوعمر لڑکوں کو داتا دربار اور اس کے گردونواح سے اغوا کر کے ان سے بیگار لینے والے منظم گروہ کے 6ملزموں کوشفیق آباد پولیس نے گرفتار کر کے ان کی قید سے 9مغوی افراد کو برآمد کر لیا ہے۔یہ بات ایس پی سٹی عمارہ اطہر نے اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی۔ اُنہوں نے کہا کہ ملزمان نہایت سفاک اور بے درد لوگ ہیں جو داتا دربار اور مختلف جگہوں سے مزدوروں اور نو عمر لڑکوں کو مزدوری کے بہانے گاڑی میں بٹھا کر زبر دستی اغواءکر کے شیخوپورہ میں اعجازافضل کیٹل فارم پر لے جاتے جو قریباً 2ایکڑ رقبے پر بنا ہوا ہے جس کے اردرگرد 8فٹ اونچی دیوار ہے اور اس پر خار دار تاریں لگا کر ان میں بجلی کا کرنٹ چھوڑا ہوا ہے اور بہت بڑا پھاٹک نما گیٹ لگایا ہوا ہے۔ ملزمان مزدوروں اور نو عمر لڑکوں سے گائے بھینسوں کا گوبر اٹھانے، انہیں چارہ ڈالنے اور پانی پلانے سمیت مختلف کام بیگار کے طور پر لیتے تھے اور جو شخص کام کرنے سے انکار کرتا اسے بری طرح تشدد کا نشانہ بناتے یہاں تک کہ ٹانگ یا بازو بھی توڑ دیتے تھے۔ ملزمان سارا دن کام لینے کے بعد کھانے کو بھی بہت کم دیتے ،دن بھر بیگار لینے کے بعد یہ مغویوں کو رات کو کمرے میں بند کر دیتے ،گزشتہ اڑھائی تین سال سے۔چند روز قبل سرگودھا کے رہائشی مسمی محمد طاہر نامی شہری نے تھانہ شفیق آباد میںدرخواست دی کہ اس کا چھوٹا بھائی محمد زبیر اپنے بہنوئی محمد فیاض کے پاس مالی پورہ لاہور میں مزدوری کے لیے آیا ہوا تھا جسے نامعلوم افراد نے اغواءکر لیا ہے جس کا مقدمہ تھانہ شفیق آباد میں درج ہوا اور ڈی ایس پی شفیق آباد مہر ممتاز کی سربراہی میں انچارج انویسٹی گیشن شفیق آباد اسرار احمد نے دور ان تفتیش حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں اعجاز افضل کیٹل فارم شاہ پور ضلع شیخوپورہ میں ریڈ کر کے مغوی محمد زبیر سمیت 9مغوی افراد محمد اعظم، مولوی ذوالفقار، محمد رمضان،رمضان، محمد جاوید، حافظ عرفان، محمد وسیم، محمد عابداور ذاکر اللہ کو فارم سے بیگار کے طور پر مزووری کرتے ہوئے برآمد کر لیا ۔ پولیس نے موقع سے 6ملزموں اعجاز افضل، عظیم افضل، محمد ریاض، محمد ندیم،فریاد علی اورندیم احمد کو بھاری آتشیں اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا جبکہ ساتواں ملزم وسیم افضل موقع سے بھاگ جانے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس نے زخمی مغویوں اور ایسے مغویان جن سے بدفعلی بھی کی گئی ہے کو طبی معائنے کے لیے ہسپتال بھجوا دیا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذوالفقار حمید نے بہترین کارکردگی دکھا کر مغویوں کو برآمد اور ملزموں کو گرفتار کرنے پر پولیس ٹیم کے لیے انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید :

علاقائی -