احتجاج کرنے والے خوشحالی کا سفر دیکھ کر گھبرا گئے،شہباز شریف

احتجاج کرنے والے خوشحالی کا سفر دیکھ کر گھبرا گئے،شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوامی خدمت کے مثالی ایجنڈے پر عمل پیرا ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ملک کو مشکلات سے نکالنے کیلئے شبانہ روز محنت کررہے ہیں ۔پاکستان کے 18کروڑ عوام نے عام انتخابات کے دوران مسلم لیگ(ن) کی قیادت پر جس اعتماد کا اظہار کیا اس پر ہر صورت پورا اتریں گے اور عوام کی توقعات کو پوراکریں گے۔وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ملاقات کرنیوالوں میں اراکین قومی و صوبائی اسمبلی شیخ روحیل اصغر، محمد خان ڈاہا، عاشق گوپانگ، مناظر حسین رانجھا اور محمد وحید گل شامل تھے۔حاجی عرفان احمد خان ڈاہا‘منشاء اللہ بٹ اور افضال بھٹی بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی وسائل عوام کی فلاح وبہبود پر امانت سمجھ کر خرچ کیے جارہے ہیں ۔حکومت عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے جبکہ احتجاج کرنے والے بعض عناصر تخریبی اورانتشار کی بے مقصد سیاست کررہے ہیں ۔احتجاجی عناصر ملک میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو دیکھ کر گھبراگئے ہیں اور توانائی کے حصول کے منصوبوں پرہمارے تیزرفتار اقدامات اورمخلصانہ کوششوں سے پریشان ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روز میں پنجاب میں تین میگا پراجیکٹس پر کام کا آغاز کیا جارہاہے۔فیصل آباد میں رویائی مسعود ٹیکسٹائل پارک کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ 150میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے بجلی کے پلانٹس لگائے جائیں گے جبکہ ساہیوال میں 660 میگاواٹ کے 2کوئلے سے چلنے والے جدید ترین پاور پلانٹس کا سنگ بنیاد بھی رواں ماہ رکھا جائے گا ،اسی طرح نندی پور پاور پراجیکٹ کا بھی افتتاح رواں ماہ کیا جارہا ہے جس سے 100میگاواٹ بجلی حاصل ہوں گی ،7ماہ کی قلیل مدت میں نندی پور پاور پراجیکٹ کا افتتاح بہترین ٹیم ورک اور شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا ہر قدم عوام کی ترقی اورخوشحالی کے لیے اٹھ رہا ہے ۔ہمارے بدترین مخالف بھی وفاقی اور پنجاب حکومت پرایک پائی کی کرپشن کا الزام نہیں لگاسکتے۔18کروڑ عوام جانتے ہیں، بے لوث خدمت کون کررہا ہے اورتخریبی سیاست کون؟۔اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف اور وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف دن رات عوام کی خدمت میں مصروف ہیں اور ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوچکا ہے ۔اراکین اسمبلی نے وزیراعلیٰ کو میٹروٹرین کے منصوبے کے معاہدے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کلچر میں انقلابی تبدیلیاں کا پیش خیمہ ثابت ہوگا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں کو ہر صورت اپنی کارکردگی مزید بہتر بنانا ہوگی۔عوام کی توقعات اور امنگوں کو پورا کرنے کیلئے سرکاری اداروں اورمحکموں میں ایسی اصلاحات متعارف کرائیں گے جس کا فائدہ براہ راست عام آدمی کو پہنچے۔سرکاری اداروں اور محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے ہر سطح پر خوداحتسابی کا نظام وضع کیا جائے گا۔عوام کے مسائل کے حل کیلئے سرکاری اداروں اور محکموں کو انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔ وہ یہاں ایک اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔اجلاس میں سرکاری محکموں کی استعدادکار میں اضافے اور عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر تفصیلی غورکیاگیا۔کمشنر لاہور ڈویژن اورڈی جی ایل ڈی اے نے پبلک سیکٹر مینجمنٹ ریفارمز اورسرکاری اداروں اورمحکموں کی استعدادکار میں اضافے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو بہترین خدمات کی فراہمی کیلئے نظام میں بنیادی تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہے۔نئے عزم اورعوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہوکر ہی صوبے کے عوام کی توقعات پر پورا اترا جاسکتا ہے اور انہیں بہترین خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکتی ہے ۔اس ضمن میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے ۔یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت محکموں اور اداروں کی استعداد کار میں اضافے کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر محکمے اور ادارے کا پرفارمنس آڈٹ ضروری ہے جس سے کارکردگی کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جاسکتا ہے اور پنجاب حکومت افسران اور اہلکار وں کی کارکردگی کا باقاعدہ جائزہ لینے کیلئے موثر میکانزم بنائے گی تاکہ عوام کی خدمت کے جذبے سے سرشار محنتی،ایماندار اوردیانتدار سرکاری افسران اوراہلکاروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے اورناقص کارکردگی کا مظاہر ہ کرنے والوں کی بازپرس ہوسکے۔سرکاری محکموں اور اداروں کو عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرنے کیلئے ہر صورت اپنی کارکردگی بہتر بنانا ہوگی اورایسا خود کا رنظام وضع کرنا ہوگا جہاں پر عوام کے مسائل بغیر کسی تاخیر کے تیزی سے حل ہوں۔انہوں نے کہا کہ سرکاری افسران و اہلکاروں کیلئے تربیت کے نظام کو جدید تقاضوں کے مطابق ہم آہنگ کرنے کی ضرورت ہے۔سروس ڈلیوری کے نظام کوبہتر بنانے کیلئے بوسیدہ کلچر سے نکل کر متحرک اور فعال انداز سے بنیادی اصلاحات لانا ہوں گی تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں سہولتیں فراہم کی جاسکیں۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کوچار سالہ اہداف مقرر کرکے آگے بڑھنا ہوگااوران اہداف کے حصول کیلئے جامع میکانزم بھی تیار کرنا ہوگا۔ایسے امور جن کا تعلق براہ راست عوام سے ہے انہیں آسان بنانے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو بلا تکلیف سرکاری محکموں سے اچھی خدمات حاصل ہوں۔وزیراعلیٰ نے سرکاری محکموں کی استعدادکار میں اضافے اور بہترین سروس ڈلیوری کے حوالے سے حتمی سفارشات تیار کرنے کیلئے سب کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کمیٹیاں مقررہ مدت میں عوام کو سہولتیں فراہم کرنے کیلئے تجاویز پیش کریں ۔اجلاس کے دوران شرکاء نے سرکاری محکموں اوراداروں کی استعداد کار میں اضافے اور عوام کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے مختلف تجاویز پیش کیں۔صوبائی وزراء رانا ثناء اللہ، تنویر اسلم ملک ، رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ سیکرٹریز ،نجی شعبے کے ماہرین اور دیگراعلی افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول