فضل الرحمٰن کی سراج الحق سے ملاقات دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

فضل الرحمٰن کی سراج الحق سے ملاقات دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے رابطے جاری ...

                       لاہور(سٹاف رپورٹر) جے یو آئی(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کی امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات، دینی جماعتوں کے اتحاد کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق۔ تفصیلات کے مطابق پیر کو مولانا فضل الرحمن نے منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کے مرکز جاکر امیر جماعت اسلامی سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں جماعت اسلامی کا سربراہ بننے پر مبارکباد دی۔ مولانا فضل الرحمن نے جماعت اسلامی کی نئی مجلس عاملہ کے ارکان کو بھی مبارکباد پیش کی جس پر سراج الحق نے ان کا شکریہ ادا کیا۔ ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اسلام پوری انسانیت کیلئے فلاح، اعتدال اور خوبصورت رویوں کا دین ہے یہ مذہب انسانیت کیلئے دوستی کا پیغام ہے اس کے فروغ دینے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے آج قوم کو تقسیم کیا جارہا ہے اور تشدد پریقین رکھنے والوں کو فروغ دیا جارہا ہے ایسے لوگوں کی پشت پناہی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دینی جماعتوں سے تعلقات کا ازسر نو جائزہ لے رہے ہیں اس حوالے سے دیگر جماعتوں سے بھی رابطے کرینگے۔ ملک میں ایسا سیاسی ماحول ہونا چاہیے جس میں اسلامی اقدار کو فروغ ملے اور پاکستان حقیقی اسلامی مملکت کی صورت میں سامنے آئے۔ اس حوالے سے ہماری مشاورت جاری رہے گی۔ اس موقع پر سراج الحق نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے ہمیں مبارکباد دی ہے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دینی جماعتیں ایک حقیقت ہے، کراچی سے چترال تک دینی جماعتوں کی تنظیمیں ہر شہر اور گلی محلے میں موجود ہیں اس لحاظ سے دینی جماعتیں ایک بڑی طاقت ہیں تمام مذہبی جماعتیں جزوی اور فروہی اختلافات کے علاوہ چھوٹے بڑے مسائل کے ساتھ ساتھ اس بات پر متفق ہیں کہ پاکستان اسلام کے نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا تھا اور ہم اسی نظام کو دیکھنا چاہتے ہیں۔شریعت کا عدم نفاذ آئین اور نظریہ پاکستان سے بے وفائی ہے، دینی جماعتوں کے مذاکرات ناگزیر ہیں۔

مزید : صفحہ اول