لیسکو ملازمین کےخلاف رشوت خوری کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے پنجاب کےخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

لیسکو ملازمین کےخلاف رشوت خوری کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی ...

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود لیسکو کے دو ملازمین کے خلاف رشوت خوری کا مقدمہ درج نہ کرنے پر ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی۔ڈی جی ایف آئی اے پنجاب کے خلاف فدا حسین نے ایڈووکیٹ نعمان اختر کی وساطت سے توہین عدالت کی درخواست دائر کی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ لیسکو کے دو ملازمین اعجاز اور مقصود نے دوبارہ میٹر لگانے کیلئے ان سے 2 ہزار روپے رشوت لی، سیشن عدالت نے ملازمین کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جبکہ ہائیکورٹ نے بھی ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور سیشن کورٹ کے حکم کے مطابق مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی تھی تاہم عدالت کے احکامات کے باوجود لیسکو کے ملازمین کیخلاف مقدمہ درج نہیں کیا جا رہا، انہوں نے استدعا کی کہ ڈی جی ایف آئی اے کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور لیسکو ملازمین کیخلاف رشوت خوری کا مقدمہ درج کیا جائے۔

مزید : علاقائی