مودی سے ملاقات خوشگوار رہی، معیشت کی بہتری مشترکہ ایجنڈا ہے : وزیراعظم نواز شریف

مودی سے ملاقات خوشگوار رہی، معیشت کی بہتری مشترکہ ایجنڈا ہے : وزیراعظم نواز ...
مودی سے ملاقات خوشگوار رہی، معیشت کی بہتری مشترکہ ایجنڈا ہے : وزیراعظم نواز شریف

  

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے بتایاہے کہ بھارتی وزیراعظم نریندرمودی سے ملاقات خوشگواررہی ، معیشت کی بہتری پاک بھارت مشترکہ ایجنڈا ہے ، بھاری مینڈیٹ سے آنیوالی حکومتوںکو عوام کی توقعات پر پورا اُترناچاہیے تاہم وزیراعظم نے کشمیرکے معاملے پر کسی گفتگوکے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف نے بتایاکہ نریندرمودی سے تعمیری ملاقات ہوئی اور بھارت بلانے پر وہ نریندرمودی کے شکرگزار ہیں ، دونوں حکومتیں بھاری مینڈیٹ سے آئی ہیں ، عوام کی توقعات پر پورا اُترناہوگا۔ نواز شریف کاکہناتھاکہ معیشت کی بہتری پاک بھارت مشترکہ ایجنڈا ہے ، امن کے بغیر ترقی کاحصول ممکن نہیں ، دونوں ممالک کے عوام خوشحالی چاہتے ہیں ، وہ 1999ءکی سطح سے تعلقات کو دوبارہ بحال کرکے آگے بڑھاناچاہتے ہیں ، بھارت سے ہرتنازع پر بات کرنے کو تیار ہیں ، خوشحالی اور امن کے لیے مل کر کام کرناہوگا۔نواز شریف نے بتایاکہ نریندر مودی نے نیک تمناﺅں کا اظہار کیا اورپاکستان کے پرامن ایجنڈے کی مکمل حمایت کی ،پاکستانی قیادت کے جذبات کا مثبت جواب دیا۔اُنہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کو ماضی بھلاکر آگے چلناہوگا، تصادم نہیں ، تعاون کرکے آگے بڑھنا ہوگا،ڈیڑھ ارب افرادامن سے جینا چاہتے ہیں ، لڑائی کو تعاون میں تبدیل کردیں۔اپنی نہایت مختصر گفتگومیں نواز شریف نے لکھی ہوئی تحریر پڑھی اور کسی سوال کا جواب دیے بغیر چلے گئے ۔

مزید : بین الاقوامی /اہم خبریں