ڈاکٹر پر ایم پی اے کا تشدد، وزیراعلیٰ کا نوٹس
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پی ایم اے لاہور کے عہدیداران نے رکن پنجاب اسمبلی راﺅ کاشف کی طرف سے سمندری ہسپتال میں ڈیوٹی ڈاکٹر پر بہیمانہ تشدد کرنے پر شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ متعلقہ رکن اسمبلی پر سرکاری کام میں مداخلت، ڈیوٹی آفیسر پر حملہ و تشدد اور ساتھیوں کے ہمراہ دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کرتے ہوئے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر کو تھپڑ مارنے اور تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سیکرٹری صحت سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا ہے کہ واقعہ کی ہر پہلو سے انکوائری کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔