سعودی وزارت تعلیم کی اساتذہ کو وارننگ
دمام (مانیٹرنگ ڈیسک) سعودی وزارت تعلیم نے اساتذہ اور اپنے دیگر ملازمین کو ایک سرکلر کے ذریعے وارننگ دی ہے کہ وہ گورنمنٹ کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے افراد اور اداروں کی حمایت اور ترویح سے باز رہیں۔ وزارت نے واضح کیا کہ جو بھی ملازم اس قسم کے گروپوں کی حمایت کرتا پایا گیا اسے ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ وزارت کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اس وارننگ کا مقصد تعلیم کے شعبے میں سرگرم ایسے خفیہ گروپوں کا قلع قمع ہے جو کہ رائے عامہ کو اپنی مرضی سے موڑنے کی کوشش کررہے ہیں۔ وزارت نے اپنے سرکلر میں اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنے ملازمین کی تربیت کریں کہ ملکیت میں رائج سیاسی اور انتظامی نظام پر تنقید نہ کی جائے اور کوئی بیان اس کے خلاف نہ دیاجائے۔