پاک بھارت امن مسئلہ کشمیرکے حل سے ہی ممکن ہے: مولانا فضل الرحمن
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاک بھارت امن کا خواب مسئلہ کشمیر کے عالمی قوانین کے مطابق حل سے ہی ممکن ہے۔ جے یو آئی ف کے سربراہ نے لاہور میں جے یو پی نورانی کے صدر پیر اعجاز ہاشمی سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا تھا کہ اچھا ہوا بھارتی وزیراعظم کو زمینی حقائق کا ادراک ہو گیا، طالبان سے جاری مذاکراتی عمل اپنے انجام کو پہنچ چکا ہے اور اس وقت ہونے والی بمباری ناقابل بیان ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف اور نریندر مودی کی ملاقات پر زیادہ خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہیے ، پاک بھارت امن مسئلہ کشمیرکے حل سے ہی ممکن ہے۔